جھوٹے بیانیوں سے ملکی مسائل حل نہیں ہونگے :پی ٹی آئی

جھوٹے بیانیوں سے ملکی مسائل حل نہیں ہونگے :پی ٹی آئی

احسن اقبال کا بیان حقائق مسخ کرنے ، ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش آج بلوچستان بدترین بدامنی اور پرتشدد واقعات کی لپیٹ میں کیوں ہے :بیان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریکِ انصاف نے وفاقی وزیر احسن اقبال کے بیان پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کا بیان حقائق کو مسخ کرنے اور موجودہ حکومت کی بدترین انتظامی، معاشی اور امن و امان کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی بھونڈی کوشش ہے ،جھوٹے بیانیوں سے ملکی مسائل حل نہیں ہوں گے ، ترقی کا واحد راستہ عوام کو ان کا مینڈیٹ اور حقوق دینا ہے ۔مرکزی شعبہ اطلاعات پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ موجودہ حکومت ترقی و خوشحالی کے جھوٹے دعوؤں اور الزام تراشی کے ذریعے قوم کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے تاہم قوم بخوبی جانتی ہے عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی معیشت ترقی کے راستے پر گامزن تھی ، 2018 ئسے 2022 ئکے دوران برآمدات میں اضافہ، صنعتوں کا استحکام، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری، کسان اور مزدور طبقے کی خوشحالی اور روزگار کے مواقع میں اضافہ نمایاں رہا۔ بیان میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ اگر پی ٹی آئی نے ترقی کا راستہ روکا تھا تو آج بلوچستان بدترین بدامنی اور پرتشدد واقعات کی لپیٹ میں کیوں ہے ۔ اس وقت عمران خان نے محروم اضلاع کیلئے 600 ارب روپے سے زائد کا ترقیاتی پیکیج دیا، گوادر پورٹ کو فعال کیاتھا جس کا اعتراف چینی حکام بھی کر چکے ۔پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت کی نااہلی کے باعث بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں 70 فیصد تک اضافہ ہو چکا ، گوادر کے عوام سڑکوں پر ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں