سہیل آفریدی کا متوقع دورہ سندھ پی ٹی آئی حتمی شیڈول طے نہ کر سکی
کراچی (سٹاف رپورٹر ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے متوقع دورہ سندھ کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی تنظیم تاحال حتمی شیڈول طے نہیں کر سکی۔
سہیل آفریدی کا 9 سے 11 جنوری کے دوران سندھ کا دورہ متوقع ہے ، تاہم پی ٹی آئی سندھ اب تک دورے کے پروگرام کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سہیل آفریدی پی ٹی آئی کی ملک گیر اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں کراچی آئیں گے ۔ اس سے قبل وہ پنجاب کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔ متعلقہ ذرائع کے مطابق تاحال وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورے کے حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا، تاہم مروجہ قواعد و ضوابط کے تحت سہیل آفریدی کو سرکاری پروٹوکول فراہم کیا جائے گا۔