حکومت سمجھے امریکی ایجنڈا پورا کرنے میں خیر نہیں :حافظ نعیم
بلاول کا مشن کراچی کو موئنجو دڑو بنانا،کب تک بچے ڈمپر تلے کچلے جاتے رہیں گے پنجاب میں غیر جمہوری ہتھکنڈوں کیخلاف 15جنوری سے مہم شروع :پریس کانفرنس
کراچی (این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ امریکا نے دنیا کے تمام قوانین کو روندتے ہوئے وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کو اغوا کیا، اب امریکا کی جارحانہ پالیسی کا سلسلہ نہیں چلے گا، پاکستان کی حکومت کو سمجھنا چاہیے امریکی ایجنڈا پورا کرنے میں خیر نہیں ہوگی، بلاول کا مشن کراچی کو موئنجو دڑو بنانا ہے ، کب تک بچے ڈمپر تلے کچلے ،گٹروں میں گر کر ہلاک ہوتے رہیں گے ،پنجاب میں غیر جمہوری ہتھکنڈوں کیخلاف 15 جنوری سے مہم شروع کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ امریکا میں بھی اب ٹرمپ کے خلاف لہر چلنا شروع ہوگئی ، پاکستان کی طرف سے کوئی بیان نہیں دیا گیا،اسرائیل جنگ بندی کے بعد بھی خلاف ورزی کر رہا ہے اور امریکا اسرائیل کی پشت پناہی کر رہا ہے ، فلسطین میں قتل عام میں امریکا ملوث ہے ، غزہ میں اس وقت صورت حال خراب ہے اور اسرائیل امدادی کاموں میں رکاوٹ ڈال رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے چاروں صوبوں میں گورننس کا بحران ہے ، پنجاب کا تقابل پنجاب کے فنڈز سے کیا جائے ، کراچی کا پنجاب سے موازنہ نہ کیا جائے ، سندھ کی صورتحال کو دیکھتے ہیں تو دل خون کے آنسو روتا ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سندھ کا تو برا حال ہے ہی لیکن پنجاب میں بھی دودھ کی نہر نہیں بہہ رہی، سندھ حکومت کراچی کے 3 ہزار 4 سو ارب کھا گئی ، ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی پر برا وقت آتا ہے تو مصنوعی لڑائی لڑنا شروع کردیتے ہیں، کراچی میں پیپلز پارٹی کو بھی فارم 47 کے ذریعے مسلط کیا گیا ، آئین میں ترمیم کرنی ہو تو پیپلز پارٹی حکومت کا ساتھ دیتی ہے ، جب عوام کی بات آئے تو بلیم گیم شروع ہو جاتا ہے ۔