بھٹو مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کی لاز وال آوازتھے :بلاول

 بھٹو مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کی لاز وال آوازتھے :بلاول

جمہوری، منصفانہ اور عوام دوست پاکستان کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے :بیان ذوالفقار علی بھٹوکا98واں یوم پیدائش آج منایا جائیگا،تقریبات منعقد ہوں گی

کراچی،لاہور (این این آئی)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو کو ان کے یوم پیدائش پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے جاری بیان میں کہا ہے کہ ذوالفقار بھٹو پاکستان کے محروم، مظلوم اور پسے طبقات کی لازوال آواز تھے ، بانی پیپلزپارٹی نے عوام کو وقار، شناخت اور امید دی اور یہ انقلابی سوچ متعارف کرائی کہ اصل طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں ۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کے فلسفے سے لے کر 1973 کے متفقہ آئین تک ذوالفقار بھٹو نے غریب عوام کے خوابوں کو ریاستی ایجنڈا بنایا ،پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع کی بنیاد بھی ایٹمی پروگرام کا آغاز کر کے رکھی۔ بلاول نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی ذوالفقار بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ویژن کے مطابق ایک جمہوری، منصفانہ اور عوام دوست پاکستان کی تعمیر کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین،سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹوکا98واں یوم پیدائش(آج)5جنوری سوموار کو منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں کیک کاٹے جائیں گے اور سابق وزیراعظم کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں