مذاکرات ہو بھی جائیں توبانی پی ٹی آئی کیلئے کارگرنہیں:طلال
پی ٹی آئی اپنے کردارکے بعدعوامی نمائندگی کے قابل نہیں رہی:وزیر مملکت
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہاہے کہ پی ٹی آئی ملک اوراداروں کے خلاف اپنے کردارکے بعدعوامی نمائندگی کے قابل نہیں رہی ،مذاکرات ہوبھی جائیں توبانی پی ٹی آئی کیلئے کارگرنہیں ہونگے ،سزایافتہ شخص کاسیاست سے کوئی تعلق نہیں، وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ آرام سے جیل میں قیدکی زندگی بسرکریں۔ملک چلانے والی جماعت مسلم لیگ ن ہے جس کاملک اورقوم کی بہتری کیلئے ریکارڈموجودہے ،پارٹی قائد نوازشریف وفادار پارٹی کارکنوں کی عزت کرتے ہیں۔اسراراحمدمنے خان مرحوم میاں نوازشریف کے وفادار اورقابل اعتماد ساتھی تھے ،ان کے انتقال پرمیاں نوازشریف غمزدہ تھے ،فیصل آبادمیں ان کے گھرپہنچ کر انہوں نے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعااورلواحقین سے اظہار افسوس کیاتھا۔ان خیالات کااظہار طلال چودھری نے مسلم لیگ ن کے رہنما بیرسٹرعمرمنے خان،عثمان منے خان اورعلی احمدمنے خان کے ڈیرہ چنیوٹ بازارفیصل آباد میں منعقدہ مرحوم اسراراحمدمنے خا ن کی پہلی برسی کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر راجہ ریاض احمدخان نے کہاکہ اسراراحمدمنے خان نے زندگی بھرمیں پارٹی اورحکومت سے کچھ حاصل نہیں کیا۔ راجہ دانیال احمدخاں، چودھری فقیرحسین ڈوگر،میاں عرفان منان،حسن خان اوردیگرنے بھی خطاب کیا۔اس موقع پرمرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اوردعائے مغفرت بھی کی گئی۔