لاہور میں سرکاری میوزیکل نائٹ:گانے میں قیدی804کا ذکر،گلوکار کیخلاف مقدمہ،3ملازم معطل
والڈسٹی اتھارٹی کے زیراہتمام شالیمار باغ میں میوزک اینڈ کلچرل نائٹ کے دوران فراز خان نے گانا ’’نک داکوکا‘‘گایا گانا منظور شدہ فہرست میں شامل نہیں تھا، جس پر انتظامیہ نے کارروائی کی ،ڈائریکٹر میڈیا والڈ سٹی اتھارٹی کی تصدیق
لاہور(کرائم رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک )لاہور میں سرکاری سرپرستی میں میوزیکل نائٹ شو کے دوران قیدی 804 سے منسوب گانا گانے پر گلوکار فراز خان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ والڈ سٹی اتھارٹی کے 3ملازمیں کو معطل کردیاگیا۔تفصیلا ت کے مطابق والڈ سٹی اتھارٹی کے زیر اہتمام شالیمار باغ میں میوزک اینڈ کلچرل نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں قوال فراز خان و ہمنواؤں نے قوالی پیش کی،پروگرام کے دوران قیدی 804 سے منسوب گانا ‘‘نک داکوکا’’گانے پر قوال فراز خان کے خلاف ا نچارج شالامار باغ ضمیر کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کرلی گئی تاہم ملزموں کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ قوال فراز خان نے مؤقف اپنایا کہ انہوں نے فرمائش پر گانا گایا لیکن اس کے باوجود ان کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق ‘‘نک دا کوکا ’’گانامتعلقہ سرکاری محکمہ کی فہرست میں منظور نہیں جس پر انتظامیہ نے کارروائی کی۔شالامار باغ میں جاری پروگرام میں شرکا کی فرمائش پر جیسے ہی گانا شروع ہوا تو انتظامیہ حرکت میں آئی اور اس کو بند کروا دیا جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 3 ملازمین احسن ،عماد اور عبدالرحمن کو معطل بھی کردیا۔ڈائریکٹر میڈیا اینڈ مارکیٹنگ والڈ سٹی اتھارٹی تانیہ قریشی نے کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گانا منظور شدہ فہرست میں شامل نہیں تھا۔