بابوسر ٹاپ تا چلاس زیرِ زمین آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کا منصوبہ مکمل
تکمیل سے خطے میں ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کو مستقل اور محفوظ بنیادوں پر بحال کر دیا گیا جولائی 2025 کو لینڈ سلائیڈ نگ سے 8 کلومیٹر حصے میں کیبل کو شدید نقصان پہنچا تھا
چلاس (آئی این پی )گلگت بلتستان کیلئے انتہائی اہم بیک ہال کمیونیکیشن لنک بابوسر ٹاپ تا چلاس زیرو پوائنٹ زیرِ زمین آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کا منصوبہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ،منصوبے کی تکمیل سے خطے میں ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کو مستقل اور محفوظ بنیادوں پر بحال کر دیا گیا ہے ۔ یاد رہے 22 جولائی 2025 کو بابوسر ویلی میں شدید کلاؤڈ برسٹ کے باعث غیر معمولی لینڈ سلائیڈ سے 8 مختلف مقامات پر تقریباً 8 کلومیٹر کے حصے میں سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او)کی بیک ہال آپٹیکل فائبر کیبل کو شدید نقصان پہنچا تھا، جبکہ لوشی پل کے مقام پر مین روڈ کے ساتھ موجود آپٹیکل فائبر مکمل بہہ گئی تھی ،ایس سی او کی فیلڈ ٹیموں نے ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے 48 گھنٹوں کے اندر 24 جولائی 2025 کو پہاڑوں کے اوپر سے عارضی آپٹیکل فائبر بچھا کر کمیونیکیشن سروس عارضی بحال کر دی تھی تاہم متاثرہ حصوں میں آپٹیکل فائبر کو دوبارہ زیرِ زمین بچھانے کا منصوبہ15 اکتوبر 2025 کو شروع کیا گیا اورمحض ڈھائی ماہ کے قلیل عرصے میں مکمل بھی کر لیا گیا۔ منصوبے کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں عوام کے ساتھ ساتھ سرکاری اداروں، سکیورٹی فورسز اور سیاحتی سرگرمیوں کو بھی بہتر مواصلاتی سہولیات میسر آئیں گی۔