تحریک تحفظ آئین پاکستان کا قومی مذاکراتی کمیٹی کی کا نفرنس میں شرکت سے انکار
عمران نے مذاکرات کا اختیار تحریک تحفظ آئین کو دیا ، اسی پلیٹ فارم سے ہونگے ، تمام جماعتوں کو دعوت دی جائے گی تحریک انصاف کا اعتماد حاصل نہ ہونا اس کانفرنس کو بے معنی کر دیتا ،کانفرنس میں شرکت ممکن نہ ہو سکے گی، ترجمان
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )قومی مذاکراتی کمیٹی نے اپنی مجوزہ قومی کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے تحریک تحفظ آئین پاکستان سے رابطہ کیا اور کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔رپورٹ کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان نے قومی مذاکراتی کمیٹی کی کانفرنس میں شرکت سے انکار کر دیا۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ذرائع نے کہا کہ ہمیں آج دعوت نامہ موصول ہوا ہے ، مگر ہم نے شرکت سے انکار کر دیا، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مذاکرات کا اختیار تحریک تحفظ آئین پاکستان کو دیا ہے ، مذاکرات تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہوں گے ۔قومی مذاکراتی کمیٹی کی قومی کانفرنس 7 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگی، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی، جے یو آئی، جماعت اسلامی کو شرکت کی دعوت دی جائے گی، ایم کیوایم، ق لیگ، بلوچستان عوامی پارٹی، اے این پی اور دیگر جماعتوں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔تحریکِ تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ سابق پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے رکھی گئی کانفرنس کا دعوت نامہ ملا مگرسب سے اہم فریق، تحریک انصاف کا اعتماد حاصل نہ ہونا اس کانفرنس کو بے معنی کر دیتا ہے اس لئے کانفرنس میں شرکت ممکن نہ ہو سکے گی۔ ایک بیان میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان نے کہا کہ تحریک تحفظِ آئین پاکستان کو سابق پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے رکھی گئی کانفرنس کا دعوت نامہ موصول ہواہے جبکہ اپوزیشن اتحاد کی سب سے بڑی جماعت تحریک انصاف پہلے ہی اپنے سابق رہنماؤں سے اظہارِ لاتعلقی کر چُکی ہے ۔ تحریکِ تحفظ آئین پاکستان کے لئے کانفرنس میں شرکت ممکن نہ ہو سکے گی۔