لکی مروت :فائرنگ سے3ٹریفک پولیس اہلکار شہید،آپریشن میں3خوارجی ہلاک

لکی مروت :فائرنگ سے3ٹریفک پولیس اہلکار شہید،آپریشن میں3خوارجی ہلاک

موٹرسائیکل سواروں نے ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں پر فائرنگ کی ، نورنگ میں نذیر،فواداورافنان مارے گئے بنوں اورگوادرمیں بھی 2اہلکار شہید ،صدراوروزاعظم کا اظہار تعزیت،تونسہ میں چیک پوسٹ پرحملہ ناکام

لکی مروت،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں)صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں نامعلوم موٹر سائیکل سواردہشت گردوں نے ٹریفک پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس سے 3اہلکار شہید ہوگئے جبکہ سی ٹی ڈی اور پولیس کے انٹیلی جنس آپریشن میں  3خوارجی ہلاک ہوگئے ۔ضلع بنوں میں ایک پولیس اہلکار فائرنگ سے جبکہ صوبہ بلوچستان کے ضلع گوادر میں بھی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔صوبہ پنجاب کے ضلع تونسہ شریف میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے دہشتگردوں کا سرحدی چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنادیا ۔تفصیلات کے مطابق لکی مروت میں انچارج ٹریفک پولیس نورنگ جلال خان، پولیس کانسٹیبل عزیز اللہ اور پولیس کانسٹیبل عبداللہ ڈیوٹی پر موجود تھے کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کردی ،جس سے تینوں شہید ہوگئے ،حملہ آور فرار ہوگئے ۔سی ٹی ڈی بنوں اور لکی مروت پولیس نے پولیس سٹیشن نورنگ کے علاقے میں آپریشن کیا ،ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں ٹارگٹ کلر محمد نذیر عرف مجاہد بھی مارا گیا جوٹریفک کانسٹیبل زارم خان اور حفیظ اللہ، سی ٹی ڈی اہلکار وحید نواب، سپیشل برانچ اہلکار عارف اللہ کی شہادت میں ملوث تھا۔ ایف سی بلوچستان کے اہلکار زین اللہ، لکی مروت پولیس کے کانسٹیبل حبیب اللہ کو شہید کرنے والا خارجی فواداللہ عرف معاذ بھی مارا گیا جب کہ ایف سی کلرک معراج الدین، ریٹائرڈ لانس نائیک حبیب اللہ کو شہید کرنے والا خارجی افنان خان عرف افنانی بھی ہلاک ہوگیا ۔سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہلاک خارجیوں سے عدد کلاشنکوف، دو پستول، دو موبائل فونز اور 3 کالعدم تنظیم کے کارڈز برآمد ہوئے ۔

بنوں کے تھانہ منڈان کی حدود کفشی خیل میں پولیس اہلکار رشید خان موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے شہید ہوگیا ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق گوادر کے علاقے جیونی پانوان میں 2پولیس اہلکار موٹر سائیکل پر گشت کر رہے تھے کہ دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی، جس سے ایک پولیس اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دوسرا اہلکار شدید زخمی ہوا،حملہ آور فرار ہوگئے ۔تونسہ میں پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی نے پنجاب، خیبر پختونخوا بارڈر پر خوارجی دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر بڑا حملہ پسپا کردیا ۔بتایا گیا ہے کہ 15 سے 20 خوارجی دہشتگردوں نے سرحدی حدود میں قائم پولیس چیک پوسٹ پر منظم حملہ کیا،خوارجی دہشتگرد چھوٹی ٹولیوں میں تقسیم ہو کر چاروں اطراف سے چیک پوسٹ پر حملہ آور ہوئے اورحملے کے دوران راکٹ لانچرز اور بھاری اسلحہ کا بے دریغ استعمال کیا،پولیس اہلکاروں کے الرٹ رہنے کے باعث تھرمل امیج کیمروں سے دہشتگردوں کی بروقت نشاندہی کی گئی۔پولیس نے مشین گنز اور مارٹر گنز سے بھرپور فائرنگ کر کے فوری جوابی کارروائی کی اورحملہ ناکام بنا دیا۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے لکی مروت اور بنوں میں فائرنگ کے واقعات میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ امن وامان قائم کرنے کیلئے پولیس اور سکیورٹی فورسز کی خدمات اور قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امن و امان کے قیام کیلئے پولیس نے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بزدلانہ حملوں سے ملک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں