شدید دھند کے باعث کئی پروازیں منسوخ ،متعدد تاخیر کا شکار

شدید دھند کے باعث کئی پروازیں منسوخ ،متعدد تاخیر کا شکار

کراچی ائیرپورٹ پر امارات ، پی آئی اے کی پروازیں منسوخ ہوئیں مسافروں کو شدید مشکلات ،موٹروے بھی بند،ایبٹ آباد میں دوبارہ برفباری

لاہور،ایبٹ آباد(این این آئی،آئی این پی )خراب موسم ، دھند اور حدِ نگاہ میں کمی کے باعث ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر کئی پروازیں منسوخ اور متعدد تاخیر کا شکاررہیں ،کراچی ائیرپورٹ پر امارات، ایئر سیال، ایئر بلو، پی آئی اے اور چائنا ایئر کی پروازیں منسوخ  ہوئیں جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری طرف موٹروے پولیس نے متعدد مقامات پر موٹرویز کو ٹریفک کیلئے عارضی بند کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے گزشتہ روز پی آئی اے کی صبح 8 بجے کراچی سے لاہور آنے والی پرواز پانچ گھنٹے تاخیر کا شکار رہی ۔لاہور ایئرپورٹ سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 302 ،ائیر سیال کی لاہور سے دبئی جانے والی پرواز 786 ،پی آئی اے کی لاہور سے کراچی کی پرواز پی کے 305 ،سعودی ایئر کی اسلام آباد سے جدہ کی پرواز 729 ،ائیر سیال کی ملتان سے جدہ کی پرواز 723اورپی آئی اے کی پشاور سے شارجہ کی پرواز پی کے 257 گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں ۔

دوسری طرف سینٹرل ریجن میں شدید دھند کے باعث مختلف موٹرویز اور قومی شاہرات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی ۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق لاہور ملتان موٹروے ایم تھری مکمل طور پر بند کر دی گئی ،اسی طرح موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک ،ایم فور پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک اور ایم فائی ملتان سے روہڑی تک بند رہی ،قومی شاہراہوں پر بھی صورتحال تشویشناک ہے ۔ ادھر خیبر پختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں سیاحتی مقامات پر برفباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا اور سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے )شاہ رخ علی نے کہا ہے کہ نتھیا گلی، ٹھنڈیانی اور گلیات کے دیگر کئی مقامات پر برفباری کے باعث سڑکیں عارضی طور پر بند ہیں،ہیوی مشینری سڑکوں کی صفائی میں مصروف ہے اور جلد ٹریفک کیلئے بحال کر دی جائیں گی۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں