بند کمروں کے فیصلے خطرناک،قوم کو اعتماد میں لے کر آپریشنز کریں:سہیل آفریدی

بند کمروں کے فیصلے خطرناک،قوم کو اعتماد میں لے کر آپریشنز کریں:سہیل آفریدی

ملٹری آپریشن کے مناظر دیکھ چکے ،دوبارہ نہیں دیکھناچاہتے ،دہشتگردی نہیں عمران اورپی ٹی آئی کو ختم کرنیکی باتیں ہورہیں وی سی کی انگلش میں تقریراچھی نہیں لگی ،آئندہ یونیورسٹیز میں اردومیں تقاریر ہوں ورنہ مجھے غصہ آئیگا:کانووکیشن سے خطاب

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ یہاں نیتوں میں فرق ہے ، صرف بانی پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی باتیں کی جا رہی ہیں، ملٹری آپریشنز کے مناظر دیکھ چکے ہیں، دوبارہ یہ مناظر دیکھنا نہیں چاہتے ۔بہت مشکل سے ہم نے صوبے میں امن  قائم کیا تھا لیکن بند کمروں کے فیصلوں نے دوبارہ ہمارا جینا حرام کردیا ہے ۔بند کمروں کے فیصلے خطرناک ہوتے ہیں، اگر آپریشن کرنا ہے تو سیاسی جماعتوں اور یہاں کے مشران کو اعتماد میں لیا جائے ۔قوم کو اعتماد میں لے کر آپریشنز کریں۔پشاور میں شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایک مائنڈ سیٹ نہیں چاہتا خیبرپختونخوا ترقی کرے ، مجھے بہت برا لگا جب کل پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا کو دوبارہ دہشت گردی کی طرف دھکیلا گیا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ سچ میں دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے تو آکر ہمارے ساتھ پالیسی بنائیں۔ یہاں دہشتگردی کو ختم نہیں کیا جارہا، یہاں عمران خان اور پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔وزیراعلیٰ آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے اورکہاکہ میری آنکھوں میں آنسو کا قطرہ دیکھیں یہ آپ کے مستقبل کیلئے ہوگا ، میری آنکھوں میں آنسو ڈر کی وجہ سے نہیں ہوں گے ۔ وی سی صاحبہ نے آج انگلش میں تقریر کی جو مجھے اچھی نہیں لگی،تمام یونیورسٹیوں کو ہدایت ہے ہماری قومی زبان اردو ہے تقاریر ہوں، میں نے پہلے بھی کہا تھا اب آئندہ مجھے غصہ آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین کا پیغام لیکر کراچی جارہے ہیں، سندھ حکومت سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، سندھ تنظیم سے رابطے میں ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں