پنجاب کا بلدیاتی قانون جعلی، جمہوریت دشمن :حافظ نعیم

پنجاب کا بلدیاتی قانون جعلی، جمہوریت دشمن :حافظ نعیم

15جنوری کو عوامی ریفرنڈم،نتائج کے بعد پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائیگا افغانستان بھارت سے امیدیں نہ لگائے ،غزہ فوج بھیجنا قبول نہیں:خطاب

اٹک،پشاور (نمائندہ دنیا،مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پنجاب کا بلدیاتی قانون جعلی ، جمہوریت دشمن ہے ، 15 جنوری کو عوامی ریفرنڈم سے اس قانون پر اور بااختیار بلدیاتی نظام کے حق میں رائے لیں گے ، نتائج کے بعد پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائے گا، آئی پی پیز مافیا کیخلاف بھی نئے سرے سے منظم تحریک کا آغاز ہو گا۔ اٹک میں جلسہ عام سے خطاب میں انہوں نے کہا افغان سرزمین کسی صورت پاکستان میں دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں ہونی چاہیے اور نہ ہی افغانستان بھارت سے امیدیں وابستہ کرے ، دونوں مسلمان پڑوسی ممالک بات چیت سے مسائل کا حل نکالیں۔ مذاکرات ناکام ہوں تو ثالثوں سے مدد لیں، انہوں نے جماعت اسلامی کی جانب سے بھی مذاکرات میں تعاون کی پیشکش کی۔انہوں نے اس پر بھی زور دیا کہ پاک فوج کا غزہ جانا قوم کو کسی صورت قبول نہیں ہوگا۔ ملک میں چہرے نہیں نظام بدلنے کیلئے جدوجہد کو تیز تر کرنا ہوگا۔ طاقتور طبقہ غداری کے سرٹیفکیٹ تقسیم کرنا چھوڑ دے ۔ وزیراعظم امریکی صدر کی خوشامد کرنا بند اور عوام کی حقیقی ترجمانی کریں، ٹرمپ فلسطینیوں کے قاتل نیتن یاہو کی مکمل سرپرستی کررہا ہے ، اس نے وینزویلا کے صدر اور اہلیہ کو اغوا کرلیا، اب گرین لینڈ ، کیوبا اور ایران کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ وزیراعظم بتائیں کیا اب بھی ٹرمپ امن کا پیامبر ہے اور وہ اب بھی ٹرمپ کیلئے نوبل انعام تجویز کرتے ہیں؟ انہوں نے کہاہماراعدالتی نظام گلا سڑا ہے ، لوگوں کوانصاف کیلئے دھکے کھانا پڑتے ہیں، مسلط طبقہ سے جان چھڑائے بغیر ملک آگے نہیں بڑھے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں