لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پرسخت سکیورٹی انتظامات
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پرسخت سکیورٹی انتظامات کر دیئے گئے ۔
مستقل ناکہ جات پر سخت چیکنگ کا عمل مسلسل جاری ، ایس پی ڈولفن اختر نواز نے سگیاں، نیو راوی پل، شیرا کوٹ اور محمود بوٹی میں ناکوں کا معائنہ کیا اور ڈیوٹی پر مامور جوانوں کو ہدایت کی کہ ای پولیس پوسٹ ایپ کے استعمال سے پبلک ٹرانسپورٹ میں چیکنگ کا عمل سخت کیا جائے ۔ ڈی ایس پیز ناکہ جات پر اہلکاروں کے ہمراہ موجود رہیں ،مسافروں کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ،مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ انہوں نے سیاہ شیشوں والی گاڑیوں، غیر قانونی اسلحہ، منشیات اور اشتہاری ملزموں کی گرفتاری پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا اسلحہ اور منشیات کی ترسیل کو ہر صورت ناممکن بنایا جائے ،سکیورٹی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔