تعلیمی بورڈز کے چیئرمین، کنٹرولر امتحانات سیکرٹریز کیلئے 15 سو سے زائد درخواستیں موصول
لاہور(خبر نگار)پنجاب کے تعلیمی بورڈز میں اہم انتظامی عہدوں پر طویل عرصے سے خالی نشستوں کیلئے بڑی تعداد میں امیدوار سامنے آگئے ۔
چیئرمین، کنٹرولر امتحانات، سیکرٹری بورڈز کیلئے 15 سو سے زائد درخواستیں محکمہ ہائر ایجوکیشن کو موصول ہوگئیں ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے 9 ڈویژنز میں قائم بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں چیئرمین، کنٹرولر اور سیکرٹری کی مجموعی طور پر 27 اہم اسامیوں کیلئے ریکارڈ تعداد میں درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ محکمہ تعلیم کے ڈی پی آئی آفس کے مطابق ان اسامیوں کیلئے 15 ہزار 6 سے زائد امیدواروں نے اپلائی کیا ہے ، جن میں پہلی بار روایتی ماہرین تعلیم کیساتھ ساتھ آرمی افسر، سول سرونٹس اور عام شہری بھی شامل ہیں۔ کنٹرولر اور سیکرٹری کی پوسٹوں کیلئے علیحدہ علیحدہ 6 سو سے زائد درخواستیں وصول ہوئیں۔رپورٹ کے مطابق 9 اضلاع میں گزشتہ کئی سال سے ان کلیدی عہدوں پر مستقل افسر تعینات ہی نہیں ہو سکے ، جس کے باعث محکمہ سکول ایجوکیشن عارضی چارج کے ذریعے نظام چلانے پر مجبور ہے ۔ ڈی پی آئی آفس نے اب تمام درخواستوں کی باقاعدہ سکروٹنی کا عمل شروع کر دیا ۔