4جج تبدیل، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی خدمات وفاق کے سپرد
عرفان حیدر پریذائیڈنگ آفیسر انٹل ایکچوئل پر اپرٹی ٹربیونل لاہور مقرر کئے جائینگے سیشن ججز جزیلہ اسلم،شاہدہ سعید او ایس ڈی،محمد نعیم چنیوٹ، علی نواز لیہ تعینات نو مئی کے کیسز کی سماعت کرنے والے جج ارشد جاوید اور آصف بشیرکا تبادلہ منسوخ
لاہور(کورٹ رپورٹر)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد چار ججز کا تبادلہ کردیا گیا جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج عرفان حیدر کی خدمات وفاقی حکومت کے سپرد کردی گئیں ، انھیں پریذائیڈنگ آفیسر انٹل ایکچوئل پر اپرٹی ٹربیونل لاہور تعینات کیا جائیگا۔رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق سیشن جج لیہ جزیلہ اسلم اور سیشن جج چنیوٹ شاہدہ سعید کو او ایس ڈی بنادیا گیا جبکہ سیشن جج محمد نعیم کو چنیوٹ اور سیشن جج علی نواز کو لیہ میں تعینات کردیا گیا۔ تبدیل ہونے والے ججز دس جنوری تک نئے مقامات پر چارج سنبھالیں گے ،دوسری جانب نو مئی کے کیسز کی سماعت کرنے والے لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید کا بہاولنگر تبادلہ منسوخ کردیا گیا ،جبکہ بہاولنگر کے سیشن جج آصف بشیر کا تبادلہ بھی منسوخ ہوگیا۔