علیمہ کی گرفتاری ہوئی تو ردعمل ہوگا:علی محمد خان
ہم چاہتے ہیں آپریشن وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی مشاورت سے کئے جائیں بارڈر پر ڈاکوئوں کیخلاف آپریشن کامیاب ہوگا:ضیا الحسن،دنیا مہر بخاری کیساتھ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی رہنماعلی محمد خان نے کہا ہے کہ 26نومبر کے احتجاج کیس میں علیمہ خان کی گرفتاری ہوئی تو ردعمل ہوگا،کیونکہ کارکنوں اور ہم سب کو عمران خان کی بہن علیمہ خان سے محبت اور ہمدردی ہے ،ایسا اقدام نہیں کرنا چاہئے جس سے عوام میں اشتعال آئے ۔دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاعلیمہ خان کا سیاست میں کوئی کردار نہیں ،وہ صرف اپنے بھائی کی رہا ئی کیلئے کوشش کررہی ہیں، وزیر اعظم مذاکرات کی بات کردیتے ہیں مگراس کا فالو اپ نہیں ہوتا، ڈائیلاگ آفر قبول کرنے پرمحمود اچکزئی،علامہ ناصر عباس ،اسد قیصر سے ابھی تک حکومتی نمائندہ نہیں ملا،اب وزیراعظم اور ایاز صادق کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کیلئے ماحول بنائیں۔ایک سوال پرانہوں نے کہا ہم چاہتے ہیں کے پی میں امن ہو، دہشتگردوں کیخلاف آپریشن وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی مشاورت سے کئے جائیں۔ اس موقع پر وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا پنجاب بارڈر پر بس اغوا پرسندھ پولیس نے ایکشن لیا،پنجاب بارڈر پرسندھ پولیس اور رینجرز کے آپریشن سے ڈاکوئوں کو بڑا نقصان پہنچا ، صادق آباد میں میرالٹھانی کا ساتھیوں سمیت سرنڈر بھی اسی کوشش کا نتیجہ ہے ، مزید ڈاکو سرنڈر کرتے نظر آئینگے ،بارڈرایریا حساس علاقے ہیں، سرنڈر کرنیوالے ڈاکوئوں سے نرمی برتی جائیگی، ڈاکوئوں کیخلاف آپریشن میں فوج کی ضرورت نہیں ، پولیس اور رینجرز کامیابی حاصل کرینگے ۔