پنجاب اسمبلی قائمہ کمیٹی میں پبلک پراسیکیوشن بارے ترمیمی بل منظور

پنجاب اسمبلی قائمہ کمیٹی میں پبلک پراسیکیوشن بارے ترمیمی بل منظور

مجرموں کی بریت کے خلاف اپیل دائر کرنے کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی تجویز ایس اینڈ جی اے ڈی بل بھی منظور ،محکمانہ کارروائی دو سال کے اندر مکمل کرنا لازم ہو گا

لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں پبلک پراسیکیوشن اور ایس اینڈ جی اے ڈی سے متعلق ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کر لیے گئے ۔پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پبلک پراسیکیوشن نے متفقہ طور پر پنجاب کریمنل پراسیکیوشن سروس ترمیمی بل 2025 اور ضابطہ فوجداری پنجاب ترمیمی بل 2025 کی منظوری دے دی۔قائمہ کمیٹی کا اجلاس قائم مقام چیئرپرسن ملک نوشیر خان انجم لنگڑیال کی زیر صدارت منعقد ہوا۔دونوں بلوں کا مقصد اپیلوں کے نظام کو مؤثر بنانا اور عدالتی فیصلوں پر نظرثانی کے عمل کو تیز کرنا ہے۔

ترمیمی بلوں کے تحت مجرموں کی بریت کے فیصلوں کے خلاف اپیل دائر کرنے کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی تجویز دی گئی ہے ۔بلوں کے متن کے مطابق اپیل دائر کرنے کی منظوری کا اختیار حکومت سے لے کر سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کو منتقل کر دیا جائے گا۔ترمیم سے قبل پبلک پراسیکیوٹر کو اپیل دائر کرنے کے لیے حکومت کو درخواست دینا پڑتی تھی، جبکہ اب یہ درخواست براہِ راست سیکرٹری پراسیکیوشن کو دی جائے گی۔بل کے مطابق اس ترمیم کا مقصد پراسیکیوشن کو اپیل دائر کرنے میں درپیش رکاوٹیں ختم کرنا، کاغذی کارروائی کم کرنا اور قانونی پیچیدگیوں کو ختم کرنا ہے۔

دوسری جانب پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی ایس اینڈ جی اے ڈی نے ملازمین کارکردگی، نظم و ضبط اور احتساب ترمیمی بل 2025 کی بھی منظوری دے دی۔اجلاس قائم مقام چیئرمین عمران اکرم کی زیر صدارت ہوا۔بل کے مطابق ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازم کے خلاف محکمانہ کارروائی دو سال کے اندر مکمل کرنا لازم ہو گا، جبکہ ناگزیر وجوہات کی بنا پر وقت میں توسیع بھی ممکن ہو گی۔بل کے مطابق اس ترمیم سے ریٹائرمنٹ کے بعد کارروائی سے متعلق ابہام دور ہو جائے گا اور احتساب کا عمل واضح ہو گا۔تمام بل کمیٹی کی منظوری کے بعد اب پنجاب اسمبلی سے منظور کروائے جائیں گے ، جبکہ تینوں بلوں کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں