بسنت کیلئے رجسٹریشن جاری،ڈور ،پتنگ پر کیو آر کوڈ لگے گا
چار کیٹیگریز کے فارم ،کم عمر بچوں کی پتنگ بازی پر والدین کیخلاف مقدمہ لاہور میں سیفٹی راڈز کے بغیر کوئی موٹر سائیکل سڑکوں پر نہیں آئیگی
لاہور (عمران اکبر )پنجاب میں بسنت سے قبل پتنگ بازی کو محفوظ اور منظم بنانے کیلئے پتنگ اور ڈور تیار، فروخت کنندگان اور کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن جاری، بسنت 6،7 اور 8فروری کو ہو گی۔ مزید تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ بسنت شیڈول کے مطابق پتنگ وڈور سازوں، فروخت اور ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن کیلئے چار کیٹیگریز کے فارم جاری ہوں گے ۔فارم اے پتنگ سازوں اور ڈور بنانے والوں کی رجسٹریشن کیلئے ہوگا۔رجسٹرڈ افراد کو سرکاری سرٹیفکیٹ فارم بی کے ساتھ جاری کیا جائے گا جس پر کیو آر کوڈ درج ہوگا۔
فارم بی میں جاری کیو آر کوڈ ہی ڈور اور پتنگوں پر لگے گا،فارم بی سے حاصل کیا جانیوالا کیو آر کوڈ پتنگ و ڈور فروش کے پینا فلیکسز اور دکانوں پر درج ہوگا۔فارم بی سرٹیفکیٹ دکان کے اندر نمایاں جگہ پر لگانا لازم ہوگا۔پتنگ کا سائز 30 انچ لمبائی اور 34 انچ چوڑائی سے زائد نہیں ہوگی ۔گڈا کی لمبائی 34 انچ اور چوڑائی 40انچ سے زائد نہیں ہو گی۔ڈور کاٹن سے تیار کردہ دھاگے سے بنائی جائیگی جس میں نو سے زائد تاریں نہیں ہونگی۔مانجا میں گلو، سادہ رنگ ، آٹا اور کمزور شیشے کا استعمال کیا جا سکے گا۔ڈور کیلئے صرف پنے کی اجازت ہوگی ، چرخی نہیں بنائی جا سکے گی۔تیز مانجا ، تندی، دھاتی تار اور کیمیکل ممنوع ہوگی۔کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن کیلئے فارم سیاور فارم ڈی مختص کئے گئے ہیں۔ ضابطہ کار کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف رجسٹریشن منسوخی اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔صرف لاہور ضلع کی حدود میں تین روزہ ’’محفوظ بسنت6، 7اور 8 فروری 2026 کو ہوگی۔
بسنت کے تینوں دن دفعہ 144 کا نفاذ ہو گا ،18سال سے کم عمر بچوں پر پتنگ بازی پر پابندی ہے ، کم عمر بچوں کو پتنگ بازی پر والدین قصور وار ٹھہرائے جائیں گے ،کائٹ فلائنگ آرڈیننس 2025کے تحت والدین پر مقدمہ درج ہو گا ،پتنگ بازی کیلئے 72گھنٹے کا وقت دیا جائے گا ، لاہور میں 100کیمپس میں 10 لاکھ موٹرسائیکل سیفٹی راڈز اور وائر تقسیم کئے جائیں گے ،محفوظ بسنت کیلئے لاہور ٹریفک انتظامیہ نے 23روٹس پر فری رائیڈ کی تجویز دی ہے ،تین روزہ محفوظ بسنت کے دوران سیفٹی راڈز کے بغیر کوئی موٹر سائیکل لاہورکی روڈز پر نہیں آئیگی،فائر ورکس اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون ہو گا۔کائٹ فلائنگ میٹیریل مینوفیکچرنگ کی اجازت بھی صرف ضلع لاہور میں ہوگی۔کمشنر لاہور مریم خان کا کہنا ہے 6فروری سے پہلے ضلع لاہور میں پتنگ بازی کی قطعا اجازت نہیں ۔