سرکاری گندم لاہور تک محدود، دیگر شہروں میں آٹے کی قلت
4600روپے من گندم لے کر سستا آٹا نہیں بیچ سکتے : فلور ملز ایسوسی ایشن صوبے بھر میں گندم کی قلت نہیں، آٹے کی قیمت نہیں بڑھنے دینگے : حکام
لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے )سرکاری گندم کا اجراء نہ ہونے سے پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں آٹے کی قلت برقرار ہے ،جنوبی پنجاب اور سنٹرل پنجاب میں بحرانی کیفیت بڑھ گئی ،ذرائع کے مطابق سرکاری گندم کا اجرا لاہور تک محدود ہو گیا جبکہ دیگر شہروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا دستیاب نہیں ہے ،فلور ملوں نے گندم مہنگی ہونے پر پسائی روک دی ، گروپ لیڈر فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے کہا 4600 روپے من گندم لے کر سستا آٹا فروخت نہیں کر سکتے، محکمہ جتنی گندم دے رہا اتنا آٹا بازار میں بھجوا رہے ہیں ،گندم قلت کے باعث مہنگی ہو گئی ہے، پچھلے سال کی نسبت اس سال گندم اجراء انتہائی کم ہے آٹے کی قیمت بڑھا رہے ہیں ، مزید بڑھے گی۔
دوسری طرف ترجمان محکمہ خوراک ڈپٹی ڈائریکٹر ازلان چودھری نے کہا صوبے میں گندم 8لاکھ میٹرک ٹن موجود ہے قلت نہیں ہے ، پنجاب بھر میں آٹے کا ایک ہی نوٹیفائیڈ ریٹ ہے ،دس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 905 روپے ہے ،20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1810روپے ہے ،ڈائریکٹر فوڈ پنجاب امجد حفیظ نے کہا پنجاب بھر میں دس کلو آٹے کے 19لاکھ بیگ فروخت ہوئے ۔ صوبے میں آٹے کی قیمت نہیں بڑھی اور نہ بڑھنے دیں گے ۔فیلڈ ٹیمیں ریٹ کمپلائنس یقینی بنانے کے لیے مسلسل مارکیٹ انسپیکشن کر رہی ہیں، اوورپرائسنگ کی اطلاع پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فوری کارروائی عمل میں لاتے ہیں۔