بھارت میں مسلمانوں و دیگراقلیتوں پر مظالم کیخلاف بحث تیز
ہندو ستان میں انصاف میں تاخیر نہیں بلکہ انصاف سے انکار ہو رہا ہے آر ایس ایس خطرہ ، ادارے ہندوتوا ایجنڈے کے تابع ہیں، ہدایتکار پرکاش راج
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف منظم مظالم اور امتیازی پالیسیوں پر ایک بار پھر بحث تیز ہو گئی ہے ۔معروف بھارتی اداکار اور ہدایت کار پر کاش راج نے وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی اور آر ایس ایس پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ دور میں ریاستی ادارے ہندوتوا ایجنڈے کے تابع ہو چکے ہیں، بھارت میں مسلمانوں، قبائلیوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف ایک منظم ایجنڈے کے تحت کارروائیاں کی جا رہی ہیں ، ملک میں انصاف میں تاخیر نہیں بلکہ انصاف سے انکار ہو رہا ہے ۔انہوں نے آر ایس ایس کو بھارت کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیا اورکہا رام مندر میں وزیر اعظم مودی کی موجودگی میں پرچم کشائی بی جے پی اور آر ایس ایس کے گٹھ جوڑ کی واضح مثال ہے ۔سیاسی مبصرین اور ماہرین کا کہنا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس آئینی تبدیلیوں اور جمہوری اقدار کو کمزور کرنے کے الزامات کی زد میں ہیں۔