کارکردگی رپورٹ سے خود احتسابی نظام مضبوط ہوگا:طارق فضل
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ حکومت وزارتوں کی کارکردگی رپورٹس کے ذریعے گورننس کے نظام کو مزید بہتر بنانا چاہتی ہے۔
وزارتوں کی کارکردگی کی رپورٹ کا مقصد خود احتسابی کے نظام کو مضبوط بنانا اور وزرا کو اپنی ذمہ داریوں کا پابند بنانا ہے ، اس سے خود احتسابی نظام مضبوط ہوگا۔ وزارت پارلیمانی امور کی جنوری تا دسمبر 2025 کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ وزیراعظم کو ارسال کی جائے گی اور اس کی تفصیلات میڈیا کے ذریعے عوام کے سامنے بھی رکھی جائیں گی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری، پاور سیکٹر، میری ٹائم افیئرز، مائنز اینڈ منرلز، خارجہ امور اور موسمیاتی تبدیلیوں کے شعبوں کی کارکردگی میں بہتری آ رہی ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت پارلیمانی امور کا کردار صرف شکایات کے حل تک محدود نہیں بلکہ یہ سیاسی و عوامی نمائندگی اور جمہوری عمل کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ہر قسم کے مذاکرات کیلئے تیار ہے کیونکہ مسائل کا پائیدار حل بات چیت اور ڈائیلاگ سے ہی ممکن ہے ۔