اپوزیشن ملے بیٹھے ، حکومت بات چیت کیلئے تیار : وزیر قانون

اپوزیشن ملے بیٹھے ، حکومت بات چیت کیلئے تیار : وزیر قانون

وکلا سے کالے کوٹ کا رشتہ، سانس تک باقی، ججز کو انصاف پسند ہونا چاہیے :تارڑ بلاوجہ احتجاج کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے :محسن نقوی، وکلا چیمبرز کی تعمیر کا افتتاح

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اسلام آباد کے زیر اہتمام اسلام آباد میں 45 سال بعد وکلا چیمبرز کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے شرکت کی۔ محسن نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا چیمبرز کی تعمیر کیلئے پلاٹس الاٹمنٹ کا تمام کریڈٹ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو جاتا ہے، احتجاج آئینی حق ہے تاہم بلا وجہ احتجاج کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے ڈسٹرکٹ کورٹ کے باہر خودکش حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا سخت چیکنگ اور مؤثر سکیورٹی انتظامات کے باعث حملہ آور عدالت کے اندر داخل نہ ہو سکا جس کا کریڈٹ اسلام آباد پولیس کو جاتا ہے ۔ اعظم نذیر تارڑ نے خطاب میں کہا وکلا سے ان کا رشتہ کالے کوٹ کا ہے ، یہ رشتہ سانس چلنے تک قائم رہے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ینگ لائرز کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹریننگ سینٹر کے قیام پر کام کیا جائے گا۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا وفاقی آئینی عدالت کے قیام سے وفاق مضبوط ہو گا، اس پر تنقید کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے اپوزیشن سے کہا ہمارے ساتھ بیٹھ کر بات کریں، حکومت بات چیت کیلئے تیار ہے ۔ ان کا کہنا تھا ججز کو انصاف پسند ہونا چاہیے ، انا پرست نہیں، ججز آئینی عدالت میں بیٹھتے ہیں، شاہی دربار میں نہیں۔ انہوں نے مزید کہا اپوزیشن کو بارہا کہا گیا کہ انا پرستی سے نکلیں اور اسلام آباد پر چڑھائی کے بجائے آئینی اور قانونی راستہ اختیار کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں