تابکاری ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے چار اداروں میں معاہدہ
پی این آر اے ، پی ڈی ایم اے ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس مشترکہ استعداد کار بڑھائینگے معاہد ہ کے تحت بروقت ردعمل، تربیت، آلات کی دستیابی،تکنیکی رہنمائی یقینی بنائی جائیگی
اسلام آباد (دنیا رپورٹ)پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (پی این آر اے )، پی ڈی ایم اے پنجاب، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے مابین تابکاری سے متعلق ہنگامی اور ناخوشگوار صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ایک اہم مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں۔ایم او یو کے تحت چاروں ادارے تابکاری سے متعلق کسی بھی ناموافق صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے اور باہمی تعاون کے ذریعے اپنی استعداد کار میں اضافہ کریں گے ۔
اس معاہدے کا مقصد بروقت ردعمل، مؤثر رابطہ کاری اور تکنیکی معاونت کو یقینی بنانا ہے ۔اس موقع پر پی این آر اے کے نمائندے ضیاء حسین شاہ نے کہا کہ پی این آر اے تابکاری سے متعلق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت ردعمل، اداروں کی صلاحیتوں میں اضافے اور تکنیکی رہنمائی فراہم کرتا رہے گا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے کہا کہ تابکاری کے محفوظ استعمال اور اس سے جڑے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پی این آر اے نہایت کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ۔ ریسکیو 1122 کے سربراہ عرفان علی خان نے کہا کہ افرادی قوت کی تربیت، تابکاری کی نشاندہی کے دستی آلات کا مؤثر استعمال اور ادارہ جاتی تعاون ایسے عناصر ہیں جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں نقصانات کو کم سے کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔