نیشنل پولیس اکیڈمی کے تمام اے ایس پیز ٹریننگ کیلئے بیجنگ جائینگے : وزیر داخلہ

نیشنل پولیس اکیڈمی کے تمام اے ایس پیز ٹریننگ کیلئے بیجنگ جائینگے : وزیر داخلہ

بیجنگ پولیس کالج ، پاسپورٹ بیورو کا دورہ ، سیکشن کا معائنہ ، پیشہ و رانہ مہارت، جدید تربیتی نظام کی تعریف پاکستان میں بھی پاسپورٹ و امیگریشن سسٹم بیجنگ ماڈل پر اپ گریڈ کیا جائے گا ، محسن نقوی ،میڈیا سے گفتگو

 اسلام آباد ، بیجنگ (اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیجنگ پولیس کالج اور بیجنگ پبلک سکیورٹی کے پاسپورٹ و ایگزٹ انٹری ایڈمنسٹریشن بیورو کا دورہ کیا۔ بیجنگ پولیس کالج میں وزیر داخلہ نے ہائی ٹیک ٹریننگ کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا اور گاڑیوں کے ذریعے ملزمان کو گرفتار کرنے کا عملی مظاہر ہ بھی د یکھا ۔ انہوں نے بیجنگ پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت، جدید تربیتی نظام اور خصوصی وہیکلز سکواڈ کی کارکردگی کو سراہا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بیجنگ پولیس کالج کے تربیتی معیار سے پاکستانی پولیس کو مستفید کیا جائے گا اور نیشنل پولیس اکیڈمی کے تمام اے ایس پیز ایک ماہ کی تربیت کیلئے بیجنگ پولیس کالج جائینگے ۔انہوں نے اعلان کیا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی اور بیجنگ پولیس کالج کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے باقاعدہ معاہدہ کیا جائے گا تاکہ پاکستانی پولیس افسران کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم اور عملی تربیت فراہم کی جا سکے۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے جدید ڈرائیونگ ٹیسٹ سیمولیٹر بھی استعمال کیا اور انہیں اے آئی، سیمولیٹرز اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم، تشدد اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے نظام پر بریفنگ دی گئی ،بعد ازاں وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیجنگ پبلک سکیورٹی کے پاسپورٹ بیورو اور ایگزٹ انٹری ایڈمنسٹریشن بیورو کا دورہ کیا ،جہاں ڈائریکٹر جنرل سن یو نے ان کا استقبال کیا۔

وزیر داخلہ نے چین کے جدید پاسپورٹ اور امیگریشن نظام کا جائزہ لیا ، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ‘‘ون ونڈو’’ سہولت کے تحت آن لائن درخواست کے بعد 24 گھنٹوں میں پاسپورٹ فراہم کیا جاتا ہے جبکہ بیورو ہفتے کے ساتوں دن، 24 گھنٹے فعال رہتا ہے ۔ ڈیجیٹل ٹریکنگ، ریئل ٹائم اپڈیٹس اور ملٹی لینگویج سسٹم کے ذریعے شہریوں اور غیر ملکیوں کے لیے عمل کو تیز اور شفاف بنایا گیا ہے ۔وزیر داخلہ نے چینی نظام کی برق رفتاری اور افادیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بھی پاسپورٹ اور امیگریشن سسٹم کو جدید، تیز رفتار اور فول پروف بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جعلسازی کے خاتمے کے لیے پاکستانی پاسپورٹ میں نئے سکیورٹی فیچرز متعارف کرائے جائیں گے اور انٹری ایگزٹ کنٹرول سسٹم کو بیجنگ ماڈل پر استوار کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں