اداروں پر عوام کا اعتماد متزلزل، آئین کی بحالی کیلئے ہر صوبے میں جائینگے : تحریک تحفظ آئین پاکستان
26ویں ترمیم والے معافی مانگیں،تمام ادارے آئینی حدود میں کام کریں،8فروری کو گھروں سے نکلناہوگا: اچکزئی آئین پر عمل ہی مسائل کے حل کا راستہ :مصطفی نواز،لوگ حقوق کیلئے کھڑے ہوگئے توحالات خراب ہونگے :ناصر عباس
لاہور(سیاسی نمائندہ)تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں کا کہناہے کہ عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد متزلزل ہو چکا ،تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا،آئین کی بحالی کیلئے سندھ سمیت تمام صوبوں میں جائیں گے ۔محمود اچکزئی نے گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے کہا ہم اتنے سادہ بھی نہیں کہ جو راز ہے وہ آپ کو بتا دیں،میں زیادہ تفصیل میں نہیں جاتا ،ہم نے تحریکیں چلانی ہیں۔ آپ سے ایک وعدہ ہے کہ پاکستان کی قیمت پر کبھی سودا نہیں کریں گے ، ہماری تحریک ملک بچانے کیلئے ہے ، ہماری تحریک میں لوگ شامل ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 8فروری کو الیکشن کیلئے پارٹی سے نشان چھینا گیا، 26ویں ترمیم والے اللہ سے معافی مانگیں، بے انصافی سے ملک نہیں چلے گا، آئیں جمہوری پاکستان کی تشکیلِ نو کریں۔ جاتی امرا میرا گھر ہے ، ہم سب ایک دوسرے کو جانتے ہیں، نوازشریف اتنے ہی محب وطن ہیں جتنا کوئی اور شخص، ہم ہیں ۔ محمود اچکزئی نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان اس وقت بنائی گئی جب آئین کو مسخ کرنے کی کوششیں شروع ہوئیں،ملک کو درپیش بحران صرف اجتماعی دانش، آئین کی پاسداری اور عوامی شمولیت سے ہی حل ہو سکتے ہیں۔جب آئین کو کمزور کیا جاتا ہے تو ریاست بھی کمزور ہو جاتی ہے ، اس لئے تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔ان کاکہناتھاکہ آٹھ فروری کو سب نے گھروں سے باہر نکلنا ہے ،ہم کسی کو گالیاں دینے یا منت ترلا کرنے نہیں آئے ۔اجتماعی دانش کے ساتھ ملک کو بحران سے باہر نکالا جا سکتا ہے۔
اس وقت بحران بیرونی نہیں بلکہ اندرونی ہے ،جعلی طریقے سے کچھ لوگوں کو بڑا بنایا گیا۔مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب شخصی آزادیوں پر قدغن لگائی جاتی ہے تو سب سے پہلے صحافی نشانہ بنتے ہیں،انہوں نے پیکا قوانین کو آزادی اظہار پر تلوار قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ میڈیا پر عائد پابندیاں فوری ختم کی جائیں۔مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی حالات بدترین ہو چکے ہیں، بے روزگاری اور غربت میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد متزلزل ہو چکا ہے ، موجودہ حالات سے نکلنے کیلئے صرف آئین پر عمل کرنا ہی واحد راستہ ہوگا۔
راجہ ناصر عباس نے کہاکہ پارلیمنٹ کو غیر موثر اور عدلیہ کو 26ویں ترمیم کے ذریعے بے اثر کردیا گیا ہے اس پر لوگ اپنے حقوق کیلئے خود کھڑے ہو گئے تو حالات بہت خراب ہو جائیں گے ۔اس موقع پر حقوق خلق پارٹی نے تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل ہونے کااعلان کیا۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کے قائدین نے گزشتہ روز قافلے کی صورت میں لاہور شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ قافلہ لاہور پریس کلب سے روانہ ہو کر مینارِ پاکستان پہنچا اوربعد ازاں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس کے بعد قافلہ بی بی پاک دامن سے ہوکرماڈل ٹاؤن گیا۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے قائدین آج لاہور کا دورہ پورا کرکے واپس روانہ ہو جائیں گے ۔