اسلام آباد: شادی والے گھر میں گیس لیکج دھماکہ، دولہا دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق
اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں گیس لیکج سے دھماکہ ہو گیا جس سے دولہا اور دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہو گئے، 4 گھر مکمل تباہ ہو گئے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کے مطابق کے دھماکے کے نتیجے میں 4 گھر متاثر ہوئے، 3 گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے، گھروں سے مجموعی طور پر 20 افراد کو باہر نکالا گیا جن میں سے 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ایڈشنل ڈی سی نے بتایا کہ دھماکے کی وجہ سے زخمی افراد کو فوری ہسپتال منتقل کیا گیا، واقعہ کے بعد پمز ہسپتال ہائی الرٹ ہے اور زخمیوں کی طبی امداد کا سلسلہ جاری ہے، تمام افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
صاحبزادہ یوسف نے مزید بتایا کہ دھماکہ شادی والے گھر میں ہوا، دولہا اور مہمان بھی گھر میں موجود تھے، جاں بحق ہونے والوں میں دولہا، دولہا کی والدہ اور دلہن بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے تاہم جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملبے کی چیکنگ کی جا رہی ہے، دھماکے کی وجوہات کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے، اس علاقے میں سلنڈر کے استعمال معمول ہے، بلڈنگ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو بھی طلب کر لیا، پولیس کے ذریعے تمام راستے بند کر دیئے گئے ہیں۔
ترجمان پمز ڈاکٹر انیزہ جلیل نے کہا ہے کہ ای ڈی پمز کی ہدایت پر پمز میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ڈاکٹر انیزہ جلیل نے مزید بتایا کہ 11 زخمیوں کو پمز ہسپتال لایا گیا، زخمیوں میں دو بچے بھی شامل ہیں، آرتھو پیڈک، برن سنٹر اور نیورو ڈیپارٹمنٹ میں زخمیوں کا علاج جاری ہے، دھماکے کے زخمیوں کو چھت گرنے سے زیادہ زخم آئے۔
ایک زخمی کو سٹی ہسپتال منتقل کیا گیا جس کو طبی امداد فراہمی کی جا رہی ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا ہے کہ یہ حادثہ گیس لیکج کی وجہ سے ہوا، سردیوں میں اس طرح کے واقعات ہوتے ہیں، ہم مکمل تحقیقات کرکے وجہ معلوم کریں گے کہ ہوا کیسے ہے، رات کے وقت گیس کا استعمال مت کریں، یہ ہنستا بستا شادی والا گھر تھا جہاں گیس لیکج کی وجہ سے بڑا حادثہ پیش آیا۔
چیف کمشنر نے کہا کہ ہدایات کے مطابق متاثرہ گھروں کے لوگوں کو محفوظ جگہ پر منتقل کریں گے، ریسکیو ٹیم 5منٹ میں واقعہ کی جگہ پہنچ گئی تھی، ہم ریسکیو سے ریلیف کی جانب لے کر آئیں گے۔
ابتدائی رپورٹ
کیپیٹل ایمرجنسی سروس نے واقعہ کی ابتدائی رپورٹ مکمل کرلی، ولیمے کا دن دلہن اور دلہے کی زندگی کا آخری دن بن گیا، سی ڈی اے کے ملازم شیری کی گزشتہ روز بارات تھی، گزشتہ روز دولہا شیری بارات لے کر گجرات گیا، رات کو ڈیڑھ بجے بارات واپس پہنچی۔
شادی والا گھر اور سردی ہونے کی وجہ سے رات گئے تک گھر میں ہیٹر جلتا رہا، رات گئے گیس لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ہیٹر بند ہوگیا، گیس دوبارہ آنے پر تنگ و تاریک گلیاں و گھر ہونے کی وجہ سے گیس لیکج گھر میں بھر گئی، صبح سویرے ناشتے کے لیے خواتین اٹھیں، دیا سلائی جلاتے ہی دھماکہ ہوگیا۔
دولہا شیری اور دلہن سمیت 8افراد جاں بحق ہوئے،گیس لیکج دھماکے میں 12افراد زخمی ہوئے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں سلنڈر حادثے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
وزیرِ اعظم نے وزیرِ صحت، سیکرٹری صحت اور پمز انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور رخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے سیکرٹری داخلہ کو واقعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم بھی دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعہ پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ورثاء کے غم میں مکمل شریک ہیں، زخمیوں کو ہرممکن طبی امداد فراہم کی جائے گی۔