امریکا نے حملہ کیا تو اسرائیل اور امریکی اڈے نشانہ بنیں گے: ایران کا انتباہ

تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ ایران کسی بھی امریکی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا، اسرائیل اور امریکی اڈے نشانہ بنیں گے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا کی جانب سے کسی بھی قسم کا حملہ کیا گیا تو ایران جوابی کارروائی میں اسرائیل اور خطے میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو جائز اہداف کے طور پر نشانہ بنائے گا۔

خیال رہے کہ ایران میں ممکنہ امریکی مداخلت کے پیشِ نظر اسرائیل بھی ہائی الرٹ پر ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بارہا مداخلت کی دھمکیوں اور ایرانی حکومت کو مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال سے خبردار کرنے کے بعد اسرائیلی سکیورٹی اداروں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ایران آزادی کی طرف دیکھ رہا ہے جو اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا، امریکا ایرانی مظاہرین کی مدد کے لیے تیار ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کی صورتِ حال پر نظر ہے، ایسا لگتا ہے کہ ایران کے کچھ شہروں پر لوگ قابض ہیں، ایرانی حکومت نے برسوں اپنے عوام کے ساتھ بُرا سلوک کیا اور آج انہیں اپنے کیے کی سزا مل رہی ہے۔

ادھر ایران میں حالیہ بڑے پیمانے پر حکومت مخالف مظاہروں کے دوران امریکا کی مداخلت کے خدشے کے پیشِ نظر اسرائیل نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے، اسرائیل نے اپنے سیکیورٹی اقدامات سخت کر دیے ہیں۔

ایک اسرائیلی ذریعہ کے مطابق فون کال کے دوران اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران میں امریکا کی ممکنہ مداخلت پر تبادلہ خیال کیا[ امریکی اہلکار نے کال کی تصدیق کی لیکن مذاکرات کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں