پاکستان ہاکی کھلاڑیوں کے پرو لیگ ڈیلی الاؤنس کا معاملہ پھر التوا کا شکار

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے پرو لیگ ڈیلی الاؤنس کا معاملہ ایک بار پھر التوا کا شکار ہو گیا۔

پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے قومی کھلاڑیوں کو واضح مؤقف دیتے ہوئے اپنی پالیسی سے ہٹ کر ادائیگی سے انکار کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی ہاکی کھلاڑیوں نے پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل یاسر پیرزادہ سے ملاقات کی، جس میں پرو لیگ ڈیلی الاؤنس کے معاملے پر تفصیلی گفتگو ہوئی، ملاقات کے دوران کھلاڑیوں نے مؤقف اختیار کیا کہ پی ایس بی کی جانب سے ڈیلی الاؤنس کی مد میں کم ادائیگیاں کی گئی ہیں۔

کھلاڑیوں نے بتایا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ڈیلی الاؤنس کے مسئلے پر پی ایس بی کو خط بھی لکھا ہے تاہم ڈی جی پی ایس بی یاسر پیرزادہ نے کھلاڑیوں سے گفتگو میں کہا کہ انہیں ایسے کسی خط کے بارے میں علم نہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈی جی پی ایس بی نے کھلاڑیوں کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے تاحال پرو لیگ کیلئے فنڈنگ موصول نہیں ہوئی اور تمام اخراجات پی ایس بی اپنے وسائل سے برداشت کر رہا ہے، کھلاڑیوں کو پی ایس بی کی پالیسی کے مطابق ہی ڈیلی الاؤنس ادا کیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے متعدد کھلاڑی شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں اور کئی کھلاڑی اسلام آباد میں جاری پرو لیگ کیمپ میں شرکت کیلئے ادھار رقم لے کر پہنچے ہیں، قومی ہاکی کھلاڑیوں نے وزیرِ اعظم پاکستان سے معاملہ جلد حل کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی اس وقت اسلام آباد میں پرو لیگ اور ورلڈ کپ کوالیفائرز کی تیاری کیلئے لگائے گئے کیمپ میں موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف نے پرو لیگ کیلئے کھلاڑیوں کا ڈیلی الاؤنس 30 ہزار روپے مقرر کر رکھا ہے جبکہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے اپنی پالیسی کے تحت 40 ڈالر یومیہ ڈیلی الاؤنس کے چیکس جاری کیے ہیں جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 11 ہزار روپے بنتے ہیں۔

پی ایس بی کا مؤقف ہے کہ پی ایچ ایف اپنی پالیسی کے مطابق ڈیلی الاؤنس ادا کرتا ہے جبکہ پی ایس بی اپنی پالیسی کے تحت ہی معاملات چلاتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں