مودی! کشمیر آتش فشاں پہاڑ جو بہت جلد پھٹنے والا ہے: مشعال ملک
راولپنڈی:(دنیا نیوز) کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ مودی! کشمیر آتش فشاں پہاڑ جو بہت جلد پھٹنے والا ہے۔
جڑواں شہر راولپنڈی کے علاقے پرانا قلعہ اور بازار کلاں کے دورے کے موقع پر شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک کا کہنا تھا کہ یہاں آنا میرے لیے عزت کی بات ہے ، بھائی، بزرگ، بچے آئے ہیں غازی یاسین ملک کے لیے، اُن کا شکریہ !۔
اُنہوں نے کہا کہ غازی تنہا مودی کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے، عوام میں آئی ہوں، عام لوگ ہیں، تحریک عام لوگ چلاتے ہیں، کشمیر کے لیے آپ سب سٹریٹ فائٹرز ہیں آج راولپنڈی میں نکلے، ایک زمانے میں یاسین ملک ٹینچ بھاٹہ میں رہتے تھے ،انھیں راولپنڈی سے عشق ہے ۔
اہلیہ کشمیری حریت رہنما کا کہنا تھا کہ اُمید ہے جو تحریک راولپنڈی سے چلے گی نتیجہ دے گی، ہمیں کسی چیز کا ڈر نہیں،مودی کو پیغام ہے یاسین ملک حق کی جنگ لڑ رہا ہے، زندہ رہا تو غازی اور مار دیا گیا گیا تو شہید کہلائے گا، اِس پر فخر ہوگا۔
مشعال ملک نے کہا کہ مودی! کشمیر آتش فشاں پہاڑ ہے، یاد رکھو تم ڈرپوک ہو بے غیرت ہو، بہت جلد آتش فشاں پھٹنے والا ہے ، جلد بڑا پیغام آنے والا ہے تمہاری فلموں کا، تم نے معرکہ حق میں ابھی ٹریلر ہی دیکھا ہے ،بہت جلد مقبوضہ کشمیر میں معرکہ حق کی مکمل فلم آنے والی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں موت کا کوئی ڈر نہیں ، جو کشمیر کے لیے یاسین ملک کے ہمارے لیے نکلا ہے اُس نے بتایا کہ حق کے ساتھ ہے، 28 جنوری کو پھانسی کیس کی سماعت ہے ،ہم پورے پاکستان میں عوامی رابطہ مہم چلانے جا رہے ہیں، میں عوام میں ڈائرکٹ آئی ہوں کیوں کہ مجھے مودی دہشت گرد کا خود نہیں۔
اہلیہ کشمیری حریت رہنما نے کہا کہ کشمیری قوم اور پاکستانی قوم نے ڈر کے بت توڑ ڈالے، اب ہندوتوا کے بت توڑنے نکلے ہیں ، مقبوضہ کشمیر میں خواتین سے بدسلوکی بچیوں سے زیادتیاں کسی صورت قبول نہیں اُن کو تحفظ دینے کے لیے آپ نے نکلنا ہے، اُںہوں نے جو دہشت گردی ہے اس کے پیچھے مودی ہے کے نعرے لگوا دیے۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں 87 آزادی کی تحریکیں چل رہی ہیں جن کی تعداد 100 تک پہنچے گی، بھارت کو پیغام ہے جس تیزی سے مودی کی پالیسیاں چل رہی ہیں، انشاء اللہ ہندوستان کے سینے سے دس، دس پاکستانی کشمیر اور بنگلا دیش نکلیں گے، ہندوستان کی دہشتگردی سے خطہ متاثر ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کشمیری جس طرح نکلے اِسی طرح نکلیں، کشمیر پاکستان کی سیسہ پلائی دیوار ہے جو شہداء کے خون سے رچی ہوئی ہے، آپ کی بہن نکلی ہوئی ہے، میرا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، آپ یاسین ملک کے لیے کشمیر کے جہاد کےاندر رول ادا کریں گے۔
اہلیہ کشمیری حریت رہنما کا مزید کہنا تھا کہ راولپنڈی آرمی کا ہیڈکوارٹر ہے ہندوستان کو راولپنڈی کے ذکراور پاکستان آرمی کے نام سے موت پڑ جاتی ہے ،آپ یہاں سے یاسین ملک کی رہائی اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے انقلاب لائیں، کشمیر کی تحریک آزادی زندہ باد، پاکستان زندہ باد!۔