پاکستان بزنس کونسل دبئی کے جنرل سیکرٹری خرم خواجہ کی امریکی قونصل جنرل سے ملاقات
شارجہ: (سید مدثر خوشنود) دبئی میں تعینات امریکی قونصل جنرل ہز ایکسی لینسی رابرٹ رینز نے امارتِ شارجہ میں ممتاز اماراتی بزنس مین احمد علی موسیٰ النقبی کی رہائش گاہ کا خیرسگالی دورہ کیا، جہاں ان کے اعزاز میں روایتی عربی ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر پاکستان بزنس کونسل دبئی کے جنرل سیکریٹری اور معروف پاکستانی بزنس لیڈر خرم خواجہ نے امریکی قونصل جنرل سے ملاقات کی، جس میں خوشگوار ماحول میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ گفتگو میں پاکستان، امریکہ اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری کے نئے مواقع اور بزنس ٹو بزنس روابط کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
خرم خواجہ نے امریکی قونصل جنرل کو پاکستانی بزنس کمیونٹی کے کردار، پاکستان کی ابھرتی ہوئی صنعتوں اور برآمدی صلاحیت سے آگاہ کیا، جب کہ امریکی قونصل جنرل نے خطے میں پاکستان کے مثبت معاشی کردار اور یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا۔
ہز ایکسی لینسی رابرٹ رینز نے اماراتی ثقافت، عرب روایات اور شاندار مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسی ملاقاتیں اقوام کے درمیان اعتماد، باہمی احترام اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں، انہوں نے متحدہ عرب امارات کو عالمی سفارت کاری اور شراکت داری کا ایک مثالی مرکز قرار دیا۔
سیاسی اور تجارتی حلقوں کے مطابق، یہ ملاقات پاکستان، امریکہ اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سہ فریقی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک مثبت قدم ہے، جس سے مستقبل میں پاکستانی بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔