مالی سال 25-2024 میں سرکاری اداروں کا مجموعی خسارہ سامنے آگیا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مالی سال 25-2024 میں سرکاری اداروں کا مجموعی خسارہ سامنے آگیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ادارے کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سالانہ کارکردگی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق مالی سال 25-2024 میں سرکاری اداروں کا مجموعی خسارہ 122.9 ارب روپے ہوا، منافع بخش اداروں کے منافع میں 13 فیصد کمی، 709 ارب روپے رہ گئے۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ خسارے میں چلنے والے اداروں کے نقصانات میں 2 فیصد کمی ہوئی، تیل کے عالمی نرخ کم ہونے سے ایس او ایز کی آمدن متاثر ہوئی۔

اعلامیہ کے مطابق خسارہ زیادہ تر ٹرانسپورٹ اور بجلی تقسیم کار اداروں میں ہوا، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں بڑے خسارے کا سبب ہیں۔

شرکا کو بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے ایس او ایز کو مالی معاونت 2078 ارب روپے تک پہنچ گئی، سرکاری اداروں سے حکومت کو وصولیاں 2119 ارب روپے ہو گئیں۔

اعلامیہ کے مطابق سرکاری اداروں کا مجموعی قرضہ 9570 ارب روپے تک ہوگیا ہے، ایس او ایز کے غیر فنڈڈ پنشن واجبات تقریباً 2 ہزار ارب روپے ہوگئے۔

اجلاس میں فروری 2026 تک آئی ایف آر ایس کے تحت رپورٹنگ مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی، اجلاس میں آڈٹ مکمل نہ کرنے والے اداروں کے خلاف سختی کا عندیہ دیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق حکومت کا ایس او ایز میں شفافیت اور اصلاحات پر عملدرآمد کا عزم کیا، مختلف بجلی کمپنیوں میں آزاد ڈائریکٹرز کی تقرری کی منظوری دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں