ایران نے عدم استحکام پھیلانے کے امریکی اقدامات کو مسترد کر دیا

تہران: (دنیا نیوز) ایران نے عدم استحکام پھیلانے کے امریکی اقدامات کو مسترد کر دیا۔

ایران نے امریکی اقدامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو باضابطہ خط ارسال کر دیا، خط میں ایران نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ امریکا کے حالیہ اقدامات عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی صریح خلاف ورزی ہیں اور یہ پالیسیاں عالمی امن و سلامتی کے لئے سنگین خطرہ بن چکی ہیں۔

ایرانی مندوب کی جانب سے سلامتی کونسل کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ امریکا طاقت کے بے جا استعمال، یکطرفہ پابندیوں اور سیاسی دباؤ کے ذریعے بین الاقوامی قوانین کو پامال کر رہا ہے، ایران کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات نہ صرف ریاستوں کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں بلکہ دنیا بھر میں کشیدگی اور عدم اعتماد کو بھی فروغ دے رہے ہیں۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکا اسرائیل کے ساتھ مل کر خطے میں تشدد کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، ایران کے مطابق اسرائیلی اقدامات کی امریکی حمایت نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور شہری آبادی کے خلاف جارحیت کو مزید بڑھاوا دیا ہے، جس پر عالمی برادری کی خاموشی تشویشناک ہے۔

ایران نے سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور امریکا کو بین الاقوامی قوانین کی پاسداری پر مجبور کرے، خط میں کہا گیا ہے کہ اگر عالمی ادارے مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہے تو عالمی نظام پر اعتماد مزید کمزور ہو جائے گا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ایران خطے میں امن، مکالمے اور تعاون کا حامی ہے، تاہم وہ اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر قانونی حق محفوظ رکھتا ہے، ایران نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یکطرفہ امریکی پالیسیوں کی مخالفت کرتے ہوئے انصاف، قانون اور امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات کرے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں