ایران میں مداخلت کا مطلب وہاں فوج اتارنا نہیں ہے، امریکی صدر کی وضاحت

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران میں لوگوں کو قتل کیا گیا تو امریکا مداخلت کرے گا، لیکن اس کا مطلب ایران میں فوج اتارنا نہیں ہے۔

ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو سخت کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے، ایران میں عوام نے کئی شہروں پر قبضہ کر لیا ہے۔

امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی حکومت نے برسوں اپنے عوام کے ساتھ برا سلوک کیا، ایرانی حکومت کو آج عوام کی جانب سے جواب مل رہا ہے۔

خیال رہے کہ ایران میں جاری مظاہروں میں شدت دیکھنے میں آ رہی ہے، 28 دسمبر سے جاری مظاہروں میں سکیورٹی اہلکاروں سمیت 47 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ تقریباً 2500 افراد گرفتار ہیں۔

انسانی حقوق کے غیر ملکی اداروں کا کہنا ہے کہ احتجاج 100 سے زائد شہروں میں پھیل چکا ہے، ایران میں انٹرنیٹ سروس ایک بار پھر بند کردی گئی ہے جبکہ ترکیے نے استنبول سے تہران جانے والی تمام پروازیں بھی منسوخ کر دی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں