حیدر آباد میں مبینہ پولیس مقابلہ، گھروں میں وارداتیں کرنیوالا ڈاکو ہلاک، ساتھی فرار
حیدرآباد: (دنیا نیوز) حیدر آباد کے تھانہ بھٹائی نگر کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ مقابلہ کے دوران شہر میں ہونے والی ہاؤس رابریز میں ملوث ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، ہلاک ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرکے لاش کو ضروری کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو کے خلاف ہاؤس رابریز کے 8 مقدمات پنجاب اور چار حیدرآباد میں درج تھے، ہلاک ملزم ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ڈکیتی کیس میں بھی اشتہاری تھا۔
پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ ہلاک ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ 2025ء میں شہر میں بڑی ہاؤس رابریز کی تھیں، ملزم کے ساتھیوں کو پکڑنے کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جنہیں جلد حراست میں لے لیا جائے گا۔