ایرانی فورسز مظاہرین پر تشدد سے باز رہیں: فرانس، برطانیہ، جرمنی کا مشترکہ بیان

لندن: (ویب ڈیسک) فرانس، برطانیہ اور جرمنی نے ایران میں مظاہرین کی ہلاکتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی سکیورٹی فورسز پر زور دیا ہے کہ وہ مظاہرین پر تشدد سے باز رہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فرانس، برطانیہ اور جرمنی نے ایران میں جاری مظاہروں سے متعلق فرانسیسی صدر، برطانوی وزیراعظم اور جرمن چانسلر کی جانب سے ایک مشترکہ بیان جاری جس میں انسانی جانوں کے ضیاع پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ایرانی سکیورٹی فورسز کی جانب سے طاقت کے استعمال پر گہری تشویش پائی جاتی ہے، ایرانی فورسز تشدد سے باز رہیں اور انسانی حقوق کا احترام کریں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایرانی حکام پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی آبادی کا تحفظ کریں اور شہریوں کو آزادی اظہار اور پُرامن اجتماع کی اجازت دیں تاکہ عوام کسی بھی قسم کی انتقامی کارروائی کے خوف کے بغیر اپنے بنیادی حقوق استعمال کر سکیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے بھی ایک بار پھر ایران کو سخت کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے، ایران میں عوام نے کئی شہروں پر قبضہ کر لیا ہے، اگر ایران میں لوگوں کو قتل کیا گیا تو امریکا مداخلت کرے گا، لیکن اس مداخلت کا مطلب ایران میں فوج اتارنا نہیں ہے۔

خیال رہے کہ ایران میں جاری مظاہروں میں شدت دیکھنے میں آ رہی ہے، 28 دسمبر سے جاری مظاہروں میں سکیورٹی اہلکاروں سمیت 47 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ تقریباً 2500 افراد گرفتار ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں