وینزویلا میں 100 ارب ڈالر تک سرمایہ کاری پرغور کر رہے ہیں، ٹرمپ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) آئل کمپنیوں کے عہدیداروں سے ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ وینزویلا میں 100 ارب ڈالر تک سرمایہ کاری پرغور کر رہے ہیں۔

تیل کی کمپنیوں کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی تیل صنعت کے کئی بڑے نام وائٹ ہاؤس میں جمع ہیں، آج کمپنیوں سے ملاقات میں وینزیلا کے تیل اور قیمتیں کم کرنے پر بات ہوگی، ملاقات طویل مدتی تعلقات، سلامتی اور وینزویلا کےعوام کے حق میں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ وینزویلا کی جانب سے کل ہمیں 30 ملین بیرل تیل دیا گیا، ہم نے ایک آئل ٹینکر پکڑا جو ہماری منظوری کے بغیر وینزویلا سے روانہ ہوا، وینزویلا میں کونسی تیل کمپنیاں جائیں گی اس کا فیصلہ ہم کریں گے، تیل کے تاجروں کو وینزویلا میں مکمل سکیورٹی فراہم کریں گے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وینزویلا میں تیل کے کاروبار سے امریکی شہریوں کو فائدہ ہوگا، امریکا دنیا کی بہترین معیشت ہے، وینزویلا کے ساتھ کام کریں گے، وینزویلا کے سابق صدر نے کئی افراد کو قتل کیا، نکولس مادورو نے کئی افراد کو غیر قانونی حراست میں رکھا، امریکی افواج نے وینزویلا میں تاریخ کا بہترین آپریشن کیا۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکی کمپنیوں کے پاس وینزویلا میں کام کرنے کا بہترین موقع ہے، وینزویلا میں تیل کے بڑے ذخائر ہیں، وینزویلا دنیا بھر میں 55 فیصد تیل فراہم کرتا ہے، دیکھیں گے امریکی کمپنیاں وینزویلا کا انفراسٹرکچر کیسے بنائیں گی، اگلے ہفتے تیل کمپنیوں کے ساتھ ایک اور ملاقات کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں