کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، 3 زخمی حالت میں گرفتار

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں میں ایک ڈاکو ہلاک تین زخمی حالت میں پکڑے گئے۔

بلوچ کالونی پولیس کا محمود اباد نمبر تین میں مسلح ملزمان سے مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم موقع پر مارا گیا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار اور بچے سمیت تین افراد زخمی ہو گئے جنہیں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے جناح ہسپتال میں زخمی اہلکار کی عیادت کی اور بہادر اہلکار کی دلیری کی حوصلہ افزائی کی، ہلاک اور گرفتار زخمی ملزموں کے قبضے سے اسلحہ، چھینا ہوا سامان اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔

شاہ لطیف پولیس نے بھینس کالونی کے قریب مقابلے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔

سکھن پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا، ملزم کا ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فائرنگ کرتا فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزموں کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں