امریکا: خزانے کی تلاش میں نکلے خاندان کی قسمت کھل گئی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ سیر کو گئے ایک شخص کے ہاتھ غیر متوقع خزانہ لگ گیا۔

آرکنساس سٹیٹ پارکس کے مطابق یہ منفرد دریافت پائیک کاؤنٹی میں واقع کریٹر آف ڈائمنڈز سٹیٹ پارک میں 30 دسمبر کو ہوئی جہاں 41 سالہ جیمز وارڈ نے 2.09 قیراط وزنی کتھئی رنگ کا ہیرا دریافت کیا، اس ہیرے کو وارڈ ڈائمنڈ کا نام دیا گیا۔

ریاست ٹیکساس کے علاقے سائپریس کے رہائشی جیمز وارڈ اپنی اہلیہ الزبتھ وارڈ اور دو کم سن بیٹوں، 9 سالہ ایڈرین اور 7 سالہ آسٹن کے ہمراہ پارک کی سیر پر آئے تھے، پارک جانے کا خیال دراصل سب سے چھوٹے بیٹے آسٹن کا تھا جس نے کرسٹل تلاش کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

الزبتھ وارڈ کے مطابق ایک دن ٹی وی دیکھتے ہوئے ان کے بیٹے نے سوال کیا کہ کیا ٹیکساس یا آس پاس کوئی ایسی جگہ ہے جہاں وہ کرسٹل تلاش کر سکیں، اس پر انہوں نے فوری طور پر انٹرنیٹ پر تلاش کی اور کریٹر آف ڈائمنڈز سٹیٹ پارک کے بارے میں معلومات حاصل ہوئیں، الزبتھ نے بتایا کہ جب انہوں نے یہ لنک جیمز وارڈ کو بھیجا تو صرف چھ گھنٹے کی ڈرائیو پر ہے۔

قیمتی ہیرا تلاش کے دوسرے دن ملا، پہلے دن سردی اور طویل مشقت کے باعث خاندان خاصا تھک گیا تھا تاہم 9 سالہ ایڈرین نے سب کو اگلے دن دوبارہ کوشش پر آمادہ کیا، اگلے ہی دن قسمت نے ان کا ساتھ دیا اور یہ نایاب ہیرا دریافت ہو گیا جس نے اس خاندانی سیر کو یادگار بنا دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں