لاہور: اچھرہ کے بعد ہال روڈ مارکیٹ میں کروڑوں کا مبینہ فراڈ، دو ملزمان فرار

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی مشہور ہال روڈ مارکیٹ میں اچھرہ جیولری مارکیٹ کے بعد ایک اور بڑے مبینہ فراڈ کا انکشاف ہوا ہے جہاں دو ملزمان دکانداروں اور خریداروں سے کروڑوں روپے ہتھیا کر فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق سبحان اور صدام نامی دو افراد نے ہال روڈ میں سولر پلیٹس اور انورٹرز کی دکان قائم کر رکھی تھی، دونوں ملزمان سولر پلیٹس کی فروخت کے نام پر دکانداروں اور خریداروں سے بھاری رقوم وصول کرتے رہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین روز سے دونوں ملزمان دکانوں کو تالے لگا کر غائب ہیں، واقعے کے بعد متاثرہ دکانداروں نے تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں درخواستیں جمع کرا دی ہیں۔

پولیس کے مطابق اب تک تقریباً 2 کروڑ روپے مالیت کے فراڈ سے متعلق درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جبکہ تاجر تنظیموں کا دعویٰ ہے کہ فراڈ کی مجموعی رقم 15 سے 20 کروڑ روپے تک ہو سکتی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور شواہد مکمل ہونے کے بعد جلد مقدمہ درج کر لیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں