واٹس ایپ اپ ڈیٹ: صارفین کیلئے 3 نئے مفید فیچرز شامل
کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ نے اپنے صارفین کیلئے گروپ چیٹ کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے مقصد سے نئی اپ ڈیٹ متعارف کرا دی ہیں، ان نئی خصوصیات کا مقصد گروپ گفتگو کو زیادہ منظم، آسان اور مؤثر بنانا ہے۔
نئی اپ ڈیٹ کے تحت گروپ کے ارکان کو مخصوص نام یا کردار دینے کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جس سے بڑے گروپس میں افراد کی شناخت اور ذمہ داریوں کو سمجھنا آسان ہو جائے گا، اس فیچر کے ذریعے صارفین گروپ میں ہر رکن کا کردار واضح طور پر دیکھ سکیں گے۔
اس کے علاوہ صارفین کو تحریری پیغامات کو سٹیکر کی شکل میں استعمال کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے، جس سے گروپ چیٹ میں اظہار کے نئے انداز ممکن ہوں گے اور گفتگو مزید دلچسپ بنائی جا سکے گی۔
واٹس ایپ نے گروپ ایونٹس کیلئے یاد دہانی کا فیچر بھی شامل کیا ہے، جس کے ذریعے کسی ملاقات، تقریب یا اہم سرگرمی کی پیشگی اطلاع اور یاد دہانی گروپ کے تمام ارکان کو دی جا سکے گی۔
کمپنی کے مطابق واٹس ایپ پر یہ نئی اپ ڈیٹ مرحلہ وار صارفین کو فراہم کی جائیں گی اور ان کا مقصد گروپ چیٹ کو زیادہ منظم اور صارف دوست بنانا ہے۔