پودوں کی دیکھ بھال کو گیم میں بدل دینے والا اے آئی سمارٹ سینسر تیار

ریاض: (ویب ڈیسک) الیکٹرانکس کی نمائش سی ای ایس 2026 کے دوران ایک سٹارٹ اپ کمپنی نے Senso نام ایک نیا ذہین آلہ متعارف کرایا ہے جس کا مقصد مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کی مدد سے پودوں کی دیکھ بھال کے طریقے کو گیمز جیسے تجربے میں تبدیل کرنا ہے۔

’’سینسو‘‘ پودوں کے لیے ایک سمارٹ سینسر ہے جو مٹی کی نمی، درجہ حرارت اور روشنی کی مقدار جیسے بنیادی اشارے کی فوری نگرانی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ساتھ ہی پودوں کی صحت اور نشوونما کو بہتر بنانے کے لیے مخصوص ہدایات فراہم کرتا ہے۔

اس آلے کی خاص بات اس کا غیر روایتی تعاملاتی عنصر ہے جس میں پرانے Tamagotchi گیمز کی طرح ایک پکسلیٹڈ مجازی مخلوق نمودار ہوتی ہے اور جیسے ہی سینسر کو مٹی میں رکھا جاتا ہے وہ حرکت کرنا شروع کر دیتی ہے۔

اینڈرائیڈ ہیڈ لائنز کی رپورٹ کے مطابق جب پودے کو پانی دینے یا روشنی کو ایڈجسٹ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے تو یہ مخلوق صارف کو انجام دینے کے لیے سادہ کام دیتی ہے۔

روزانہ اور ہفتہ وار دیکھ بھال کی پابندی کرنے سے صارفین انعامات جمع کر سکتے ہیں اور نئے ورچوئل کرداروں کو ان لاک کر سکتے ہیں، یہ گیم پودوں کی دیکھ بھال کے معمول کو ایک تفریحی اور آسان تجربے میں بدل دیتی ہے یہاں تک کہ نوآموز افراد کے لیے بھی پودوں کی دیکھ بھال آسان ہوجاتی ہے۔

سینسو ایک ماڈیولر ڈیزائن پر مبنی ہے جو اسے مٹی کی مختلف گہرائیوں میں استعمال کرنے کی اجازت دیتا ہے اور ایک ہی وقت میں ایک سے زیادہ پودوں کی نگرانی کے لیے کئی سینسرز کو آپس میں جوڑا جا سکتا ہے، بلٹ ان مصنوعی ذہانت، متعلقہ ایپ کے تعاون سے، پودے کی قسم، گملے کے سائز اور ارد گرد کے ماحول کے حالات کے مطابق ڈیٹا کا درست تجزیہ کرتی ہے۔

ایپ کا کام صرف ڈیٹا دکھانا نہیں ہے بلکہ یہ تصاویر کے ذریعے پودوں کی شناخت اور ممکنہ بیماریوں کی تشخیص بھی کر سکتی ہے، یہ ایپ دیکھ بھال کے بارے میں فوری مشورے حاصل کرنے کے لیے براہ راست سوالات پوچھنے کی سہولت بھی فراہم کرتی ہے۔

کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ سینسو ابھی نمائش کے مرحلے میں ہے اور اسے جلد ہی کک سٹارٹر پلیٹ فارم کے ذریعے لانچ کیا جائے گا، ابھی تک اس کی سرکاری قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا ہے، یہ اختراع روزمرہ کے آلات میں مصنوعی ذہانت کو ضم کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔ اس رجحان کا مقصد سمارٹ ٹیکنالوجیز کو صارفین کی زندگی کے قریب اور آسان بنانا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں