ایران آزادی کی طرف دیکھ رہا، مظاہرین کی مدد کیلئے تیار ہیں: ٹرمپ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران آزادی کی طرف دیکھ رہا ہے اور امریکا ایرانی مظاہرین کی مدد کے لیے تیار ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کو قتل کیا گیا تو امریکا مداخلت کرے گا، انہوں نے مزید کہا ہے کہ لگتا ہے ایران کے کچھ شہروں پر لوگ قابض ہیں۔

دوسری جانب ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ ایران کسی بھی امریکی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا، اسرائیل اور امریکی اڈے نشانہ بنیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ نے فوج کو گرین لینڈ پر حملے کا منصوبہ تیار کرنے کا حکم دے دیا

ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا کی جانب سے کسی بھی قسم کا حملہ کیا گیا تو ایران جوابی کارروائی میں اسرائیل اور خطے میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو جائز اہداف کے طور پر نشانہ بنائے گا۔

خیال رہے کہ ایران میں ممکنہ امریکی مداخلت کے پیشِ نظر اسرائیل بھی ہائی الرٹ پر ہے۔

مزید برآں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران تخریب کاروں سے نمٹنے سے پیچھے نہ ہٹے گا اور ایران میں فسادی ٹرمپ کو خوش کرنے میں لگے ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ احتجاج جائز ہے مگر احتجاج اور فساد میں فرق ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں