ایران: اموات کی تعداد 65 ہوگئی، پُرتشدد مظاہروں کے 200 سے زائد منتظم گرفتار
تہران: (دنیا نیوز) ایران میں پر تشدد مظاہروں میں اموات کی تعداد 65 ہوچکی ہے جبکہ ایرانی فورسز نے 200 سے زائد منتظم کو گرفتار کر لیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران میں جاری مظاہروں کے دوران مشتعل افراد نے عوامی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق سکیورٹی فورسز نے تہران کے قریبی قصبے سے 100 مسلح فسادی گرفتار کر لیے جبکہ 24 گھنٹوں میں پُر تشدد مظاہروں کے 200 سے زائد منتظم بھی گرفتار کرلیے گئے جن سے بڑی تعداد میں اسلحہ، بارود اور گرنیڈ برآمد کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: لندن میں ایرانی سفارتخانے میں گھسنے کے الزام میں 2 افراد گرفتار
رپورٹ کے مطابق اب تک ملک بھر سے مجموعی طور پر اڑھائی ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، ملک بھر میں مسلسل تیسرے روز بھی انٹرنیٹ سروس بند ہے، ایرانی پاسداران انقلاب نے ملکی دفاع کو سرخ لکیر قرار دے دیا جبکہ ایرانی فوج نے بھی ہر سازش ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کمانڈر انچیف کی سربراہی میں خطے میں دشمن کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہے، ایرانی فوج نے قومی مفادات اور عوامی املاک کا تحفظ کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا ایرانی عوام کی مدد کیلئے تیار ہے، ڈونلڈ ٹرمپ
اس حوالے سے ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ گزشتہ برس کی 12 روزہ جنگ میں ایرانی بچوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے اب ایران میں حالیہ فسادات کی سازش کے ذمے دار ہیں۔