امریکا کے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بڑے پیمانے پر حملے
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور اس کی اتحادی افواج نے شام میں داعش کے اہداف پر بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں۔
ایکس پر سینٹ کام کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سنیچر کے روز ان حملوں کی ہدایت کی تھی، جو آپریشن ’ہاک آئی سٹرائیک‘ کا حصہ ہیں، یہ آپریشن گذشتہ ماہ شام میں امریکی فوج پر حملے کے بعد شروع کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ 13 دسمبر کو شام کے شہر پالمیرا میں امریکی اور شامی افواج پر داعش کے حملے میں دو امریکی فوجی اور ایک امریکی شہری مترجم ہلاک ہو گئے تھے۔
سینٹ کام کے مطابق حملے دہشت گردی سے نمٹنے اور خطے میں امریکی اور شراکت دار افواج کے تحفظ کے لیے گئے ہیں، ہمارا پیغام مضبوط ہے کہ اگر آپ ہمارے لوگوں کو نقصان پہنچاتے ہیں، تو ہم آپ کو دنیا میں کہیں بھی ڈھونڈیں گے اور مار ڈالیں گے، چاہے آپ انصاف سے بچنے کی کتنی ہی کوشش کریں۔
سینٹ کام کے ایک اہلکار نے بتایا کہ امریکا اور اس کی اتحادی افواج نے ایک آپریشن میں 35 سے زیادہ اہداف پر 90 سے زائد حملے کیے اور ان کارروائیوں میں 20 طیاروں نے حصہ لیا۔
حملوں کے مقام اور کسی جانی نقصان کی تفصیلات تاحال ظاہر نہیں کی گئیں۔