امریکا اور اسرائیل ایران میں فسادات کرا رہے ہیں، عوام دور رہیں: مسعود یزشکیان

تہران: (دنیا نیوز) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے خبردار کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل اپنے ذاتی مفادات کے لیے ایران میں انتشار پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔

ایرانی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فسادیوں اور دہشتگردوں سے دور رہیں اور امن قائم رکھنے میں مدد کریں، عوام کو یقین ہونا چاہیے کہ حکومت انصاف قائم کرنے اور مسائل کے حل کے لیے سرگرم ہے، اور فسادیوں کو انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

دوسری جانب ایرانی صدر کے حالیہ قوم سے خطاب کے نکات ایرانی سفارتخانے نے جاری کیے ہیں، جن میں بتایا گیا کہ حکومت عوامی مشکلات کم کرنے اور ملک میں استحکام قائم رکھنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے، صدر نے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ ملک میں امن کے لیے متحد ہوں اور فسادات کے خلاف کھڑے ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: ایران آزادی کی طرف دیکھ رہا، مظاہرین کی مدد کیلئے تیار ہیں: ٹرمپ

انہوں نے امریکی صدر کو وینزویلا، غزہ اور دیگر مقامات پر کیے گئے اقدامات پر شرمندگی محسوس کرنے کا مشورہ دیا، ہر شہری کو چاہیے کہ وہ دوسروں کو نقصان نہ پہنچائے اور کوئی بھی بدامنی یا قتل و غارت گری نہ کرے، جبکہ حکومت بدعنوانی کی جڑوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔

واضح رہے کہ ایران میں احتجاجی مظاہرے 14 روز سے جاری ہیں اور ایرانی انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں میں 192 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران میں غیر فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کے امکان پر سنجیدہ غور شروع کر دیا گیا ہے، ٹرمپ کو فوجی آپشنز پر بریفنگ دی جا چکی ہے، تاہم حتمی فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا، جبکہ خطے میں کشیدگی کے پیشِ نظر اسرائیل نے بھی سیکیورٹی الرٹ کر دی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں