اسرائیلی اقدام صومالیہ پر براہ راست حملہ:اسحاق ڈار
صومالی لینڈ صومالیہ کا غیر متنازع اور اٹوٹ علاقہ ہے :او آئی سی اجلاس میں گفتگو اسحاق ڈار کی جدہ میں او آئی سی رہنماؤں سے ملاقات ،مختلف امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد،جدہ (نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک)نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ صومالی لینڈ صومالیہ کا غیر متنازع اور اٹوٹ علاقہ ہے ، کوئی بیرونی ادارہ یا ریاست اس حقیقت کو بدلنے کا قانونی یا اخلاقی حق نہیں رکھتی۔ جدہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیلی اقدام صومالیہ کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں پر براہ راست حملہ ہے ، پاکستان صومالیہ کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے ۔اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیر خارجہ کا صومالی لینڈ کا دورہ انتہائی تشویشناک ہے ، پاکستان اسرائیل کی غیرقانونی اور غیرحقیقی کارروائی کی شدید مذمت کرتا ہے ،ترجمان دفترخارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق اسحاق ڈار نے جدہ میں او آئی سی کے 22ویں غیر معمولی اجلاس کے موقع پر مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی اورسعودی نائب وزیرِ خارجہ ولید بن عبد الکریم الخریجی سے الگ الگ ملاقات کی۔ملاقاتوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ ، او آئی سی کے پلیٹ فارم پر رابطے مضبوط بنانے اور قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیا۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے اجلاس کے موقع پر بنگلہ دیش کے مشیرِ خارجہ محمد توحید حسین نے ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مضبوط تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اسحاق ڈار نے مالدیپ کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر عبداﷲ خلیل سے بھی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہ سے بھی ملے ۔ اسحاق ڈار نے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے بعد مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے خانہ کعبہ میں خصوصی عبادات کے دوران پاکستان، پاکستانی عوام، ملکی امن و خوشحالی اور پوری امتِ مسلمہ کے اتحاد و فلاح کے لیے دعائیں کیں۔ترجمان نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے اس موقع پر ملک کی ترقی، استحکام اور خطے میں امن کے لیے بھی خصوصی طور پر دعا کی اور امتِ مسلمہ کے باہمی اتحاد اور یکجہتی پر زور دیا۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار او آئی سی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے ۔ اتوار کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے جدہ میں پاکستان کے نئے قونصلیٹ چانسلری کا افتتاح کیا اور مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ گئے ، جہاں انہوں نے روضئہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم پر حاضری دی اور عمرہ ادا کیا۔