احتجاج کیس :پی ٹی آئی رہنما یاسر گیلانی اور منظور انصاری کی عبوری ضمانت میں 20 جنوری تک توسیع
لاہور( کورٹ رپورٹر)سیشن کورٹ لاہور نے بانی پی ٹی آئی کی سزاؤں کے خلاف سڑک بلاک کر کے احتجاج کرنے کے مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنما یاسر گیلانی اور منظور انصاری کی عبوری ضمانت میں 20 جنوری تک توسیع کردی۔
ایڈیشنل سیشن جج عرفان احمد نے عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی،ملزم یاسر گیلانی اور منظور انصاری حاضری کے لیے عدالت پیش ہوئے ،عدالت کو بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی سزاؤں کے خلاف سڑک بلاک کر کے احتجاج کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ،پولیس نے سیاسی بنیادوں پر مقدمہ درج کیا،درخواست گزار کا کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے ،عدالت درخواست ضمانت منظور کرے ،عدالت کو پولیس کی جانب سے طلب کیے جانے پرپیش ہونے کی یقین دہانی کرواتے ہیں،عدالت نے دلائل سننے کے بعد عبوری ضمانت میں 20 جنوری تک توسیع کرتے ہوئے وکلا کو دلائل کے لیے آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔