پنجاب میں رشوت کا بازار گرم : فلور ملز ایسوسی ایشن
گندم کی ترسیل کیلئے لاکھوں روپے رشوت لی جا رہی: چیئرمین عاصم رضا گندم کا کوٹہ من پسند ملز کو دیا ، دوسروں کو نظر انداز کیا جا رہا :پریس کانفرنس
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین عاصم رضا کا کہنا ہے کہ پنجاب میں رشوت کا بازار گرم ہے ،گندم کی بین الصوبائی ترسیل کیلئے لاکھوں روپے رشوت لی جا رہی ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کو سب اچھے کی رپورٹ دے کر گمراہ کیا جا رہا ہے ۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سرکاری گندم کی تقسیم کا نظام غیر منصفانہ ہے ،سرکاری گندم کا کوٹہ من پسند فلور ملز کو دیا جا رہا ہے جبکہ کئی ملز کو دانستہ نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔عاصم رضا نے کہا کہ جس سے آٹے کی سپلائی متاثر ہو رہی ہے اور عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ۔فلور ملز ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گندم کی تقسیم کے نظام کو شفاف بنایا جائے اور رشوت کا خاتمہ کیا جائے ، بصورت دیگر صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے ۔