سپیکرسمیت ارکان قومی اسمبلی کے نام پر آن لائن فراڈ کا انکشاف :40ارب خرچ پھر بھی جرائم بڑھ گئے :اپوزیشن

سپیکرسمیت ارکان قومی  اسمبلی  کے نام پر آن لائن فراڈ کا انکشاف :40ارب خرچ پھر بھی جرائم بڑھ گئے :اپوزیشن

میری جعلی آواز سے کسی نے پیسے مانگے :ایاز صادق، لوگوں کا پتہ لگا رہے ، فائر وال کا سائبر کرائم سے تعلق نہیں:طلال عمران کو جیل میں مرضی کا کھانا دیا جاتا ، انکی صحت بالکل ٹھیک ،ہر ہفتے اہلیہ سے ملاقات کرائی جاتی ہے : وزیر قانون

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار)قومی اسمبلی میں سپیکر و دیگر ارکان کے نام پر آن لائن فراڈ کا انکشاف ہوا ہے ، اپوزیشن نے کہاکہ 40 ارب روپے خرچ کر کے فائر وال لگائی گئی لیکن جرائم مزید بڑھ گئے جس پر وزیر مملکت طلال چودھری نے کہا کہ فائر وال کا سائبر کرائم سے کوئی تعلق نہیں۔سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اجلاس کے دوران انکشاف کیا کہ ان کی جعلی آواز بناکر پیسے بٹورنے کی کوشش کی گئی،میری   آواز بنا کر کسی نے کسی سے پیسے مانگے ، اس شخص نے مجھ سے رابطہ کرکے پوچھا تو میں نے کہا کہ میں نے نہیں مانگے ۔ اعجاز الحق نے کہا کہ میرے پاس 19 چالان آئے ہیں۔ کل بھی ایک چالان آیا جس پر ایم این اے عالیہ کامران نے کہا کہ یہ پیسے کسی اکائونٹ میں تو جاتے ہیں، کتنے اکائونٹ پتہ لگائیں گے ۔ وزیر مملکت طلال چودھری نے جواب میں کہا کہ یہاں پر رینٹ اے اکائونٹ چل رہا ہے ، ہم اس متعلق تمام لوگوں کا پتہ لگا رہے ہیں۔اختیار بیگ نے بتایا کہ ہم نے اس متعلق اسٹیٹ بینک کو بھی شامل کیا ہے ۔ پی پی پی کی رکن شازیہ مری نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر یہ جرائم ہو رہے ہیں۔ اعجاز الحق نے مطالبہ کیا کہ آن لائن چالان جمع کرانے کا طریقہ ختم کر کے ون ونڈو سسٹم شروع کیا جائے ۔ اپوزیشن رکن اسامہ حمزہ نے کہا کہ 40 ارب روپے خرچ کر کے فائر وال لگائی گئی لیکن جرائم مزید بڑھ گئے جس پر وزیر مملکت طلال چودھری نے کہا کہ فائر وال کا سائبر کرائم سے کوئی تعلق نہیں۔ماحولیاتی آلودگی بارے طلال چودھری نے کہا کہ اسلام آباد میں کوئی بھٹہ نہیں جو آلودگی پھیلاتا ہو، تمام گاڑیوں کی سرٹیفکیشن کی جا رہی ہے ، جبکہ ہوٹل آئی سافٹ ویئر اور ٹریول آئی سافٹ ویئر استعمال کیے جا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں گیس لیکیج کے واقعہ پر علی محمد خان اور طلال نے ایوان کو بتایا کہ یہ واقعہ ایک کچی آبادی میں پیش آیا، وزیر اعظم نے اس پر انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے ، اور تاحال کسی قسم کے کیمیکل یا دھماکہ خیز مواد کے استعمال کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔کسی غریب کو بے گھر کرنا حکومت کا مقصد نہیں، تاہم کچی آبادی کلچر کو فروغ نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ دارالحکومت میں دس بڑی کچی آبادیاں ہیں جن میں سے تین کو منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ مسلم کالونی کے مکینوں کو پہلے پلاٹس دئیے گئے تھے مگر بعض افراد دوبارہ واپس آ گئے ۔ اجلا س میں پاکستانی برآمدات کے گزشتہ دو دہائیوں سے 25 سے 30 ارب ڈالر پر جمود کے حوالے سے توجہ دلا ئونوٹس عالیہ کامران نے پیش کیا جس کے جواب میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ گزشتہ برس ایگریکلچر میں تین ارب ڈالر کی برآمدات ہوئیں، تاہم بھارت کم قیمت پر چاول فروخت کر رہا ہے ۔ وزیر قانون اعظم سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں تمام قانونی سہولیات دی جا رہی ہیں، مرضی کا کھانا دیا جاتا ہے اور ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے ،ہر ہفتے ان کی اہلیہ سے ملاقات کرائی جاتی ہے ۔مجرموں کو جیل مینوئل منع کرتا ہے کہ وہ سیاسی معاملات ڈسکس نہیں کرسکتے ۔ عدالتوں پر تنقید آسان مگر شواہد دینا اصل چیلنج ہے ، جیل سپرنٹنڈنٹ کا اختیار ہوتا ہے کہ رویے کو دیکھتے ہوئے ملاقات طے کرے ، وفاق کا اختیار نہیں کہ وہ ان کو ہدایت دے ۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں دوآرڈیننس،7بلز اورقائمہ کمیٹی خزانہ کی رپورٹ پیش کی گئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں