لاہور سمیت میدانی علاقوں میں بارش، پہاڑوں پر برفباری

لاہور سمیت میدانی علاقوں میں بارش، پہاڑوں پر برفباری

مری میں بھی برفباری ، سیاحوں کوغیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت 150لیسکو فیڈرز ٹرپ ، وادی تیراہ میں 100گاڑیاں برف میں پھنس گئیں

لاہور،راولپنڈی ،اسلام آباد (نیوزایجنسیاں، نیوز رپورٹر )لاہور سمیت ملک بھر کے میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا،کئی علاقوں میں برف باری بھی جاری ہے، لاہور میں ایبٹ روڈ، لکشمی، گوالمنڈی،جوہرٹاؤن، جیل روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ہو ئی۔ بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہوا اور لیسکو کے 150 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ، دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی بند ہو گئی۔دوسری جانب ترجمان سینٹرل ریجن کے مطابق لاہور اسلام آباد موٹروے ایم 2 کے مختلف مقامات پر بوندا باندی ہوئی۔

ملکہ کوہسار مری میں بھی برفباری شروع ہو گئی ، ڈپٹی کمشنر مری نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کو پھسلن سے محفوظ بنانے کیلئے نمک پاشی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے سیاحوں اور مقامی افراد کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ برفباری کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں ۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے متعدد علاقوں میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی ۔ ضلع خیبر کی وادی تیراہ کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث 100 کے قریب گاڑیاں روڈ پرپھنس گئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں